انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کیخلاف ایک اننگز میں 800 رنز بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی
انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف ایک اننگز میں سب سے بڑا سکور کرنے کا ریکارڈ قائم کردیا۔ تاریخ میں پہلی بار کسی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ایک اننگز میں آٹھ سو سے زائد رنز بنا ئے ہیں۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے۔
انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف سات وکٹوں کے نقصان پر 823 بنا کر پہلی اننگز چوتھے روز چائے کے وقفے پر ڈکلیئر کر دی۔انگلینڈ نے 20 سال قبل پاکستان کے خلاف ایک اننگز میں بنایا گیا بھارت کا 675 رنز کا ریکارڑ توڑ دیا، بھارت نے 2004ء میں ملتان ٹیسٹ میں پانچ وکٹ پر پاکستان کے خلاف 675 رنز بنائے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں صرف چوتھی مرتبہ ایک اننگز میں 800 سے زائد رنز بنے ہیں،اننگز میں 800 سے زائد رنز بنانے کا اس سے قبل آخری کارنامہ سری لنکن ٹیم نے سر انجام دیا تھا، سری لنکا نے 1997 ء میں انڈیا کے خلاف 952/6 بنائے تھے۔
انگلینڈ نے 1938 ء میں آسٹریلیا کے خلاف 903 اور 1930 ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 849 رنز بنائے تھے،تاریخ میں ایک اننگز میں 800 سے زائد کے چار ٹوٹل میں سے تین انگلینڈ کے ہیں۔ پاکستان کے خلاف ایک اننگز میں سب سے زیادہ سکور ویسٹ انڈیز نے 1958 ء میں تین وکٹوں کے نقصان پر ایک اننگز میں 790 سکور بنایا تھا۔
دوسری جانب جاری ملتان ٹیسٹ میں انگلش بلے باز جو روٹ اور ہیری بروک نے انگلینڈ کی جانب سے پارٹنر شپ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا،جو روٹ اور ہیری بروک نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 412 رنز بناکر نیا ریکارڈ بنایا۔
اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ میچ میں بڑی پارٹنر شپ کا اعزاز پیٹر مے اور کولن کاوڈرے کے نام تھا جنہوں نے پارٹنر شپ میں 411 رنز بنائے تھے ، پیٹر مے اور کولن کاوڈرے نے 1957 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ شراکت داری قائم کی تھی۔ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی شراکت 624 رنز کی قائم ہوئی جو مہیلا جے وردنے اور کمار سنگا کارا نے 2006 میں جنوبی افریقا کے خلاف بنائی تھی۔