ملتان ٹیسٹ ، پاکستان پہلی اننگز میں 556رنز بناکر آؤٹ،انگلینڈ نے ایک وکٹ پر 96 رنز بنالئے
پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز میں556رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، سلمان علی آغا نے شاندار سنچری سکور کی،انگلش ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنا لئے ہیں اور اسے میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 460 رنز درکار ہیں ۔ منگل کے روز ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنے گزشتہ روز کے سکور 328 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، نائٹ واچ مین نسیم شاہ سعود شکیل کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
دوسرے روز پہلے سیشن میں دو وکٹیں گریں ، مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل اور نائٹ واچ مین نسیم شاہ نے کھیل کا آغاز کیا تو نسیم شاہ 388 کے سکور پر 33 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ ان کے بعد آنے والے محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس دوران سعود شکیل نے اپنے کیریئر کی ساتویں نصف سنچری سکور کی۔ قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ 450 کے مجموعی سکور پر سعود شکیل کی گری،وہ 177 گیندوں پر82 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے،
اس موقع پر سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نہ صرف سنچری مکمل کی بلکہ اپنے ٹیسٹ کرکٹ کیرئیر کےایک ہزار رنز بھی مکمل کر لئے،انہوں نے 15 ویں ٹیسٹ کی 28ویں اننگز میں یہ ایک ہزاررنز مکمل کیے ہیں۔ دیگر بیٹرز میں عامر جمال سات رنز، شاہین آفریدی 26 سکور اور پھر ابرار احمد تین رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ، سلمان علی آغا 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں جیک لیچ نے تین ،گس ایٹکنسن اور برائڈن کارس نے دو،دو،شعیب بشیر،جوئے روٹ اور کرس ووکس نے بالترتیب ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنا لئے ہیں ، انگلش بیٹر جو روٹ 32 اور زیک کرولی 64 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی طرف سے واحد وکٹ فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے انگلش کپتان اولی پوپ کی حاصل کی، اولی پوپ صفر پر آئوٹ ہوئے۔ انگلینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 460 رنز درکار ہیں۔