قومی

رانا مشہود احمد خان سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات

چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام، رانا مشہود احمد خان سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد تعلیم، ثقافت اور کھیلوں میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنا تھا جس میں دونوں فریقین نے نوجوانوں کے لئے مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے دوران چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے وژن پر روشنی ڈالی جو کہ پاکستانی نوجوانوں کو مختلف اقدامات کے ذریعے بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے جس کا مقصد ان کی مہارتوں، تعلیم اور ثقافتی تجربے کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے تکنیکی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ہمارے نوجوانوں کو تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے پر زور دے رہی ہے، جو کہ ان کی ذاتی ترقی اور قوم کی معاشی ترقی کے لئے ضروری ہیں،ہمارا مقصد انہیں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرنا ہے۔ سفیر خضر فرہادوف نے دونوں ممالک کے لئے نوجوانوں کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا اور کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان نوجوانوں کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے،نوجوان ہمارا سب سے اہم اثاثہ ہیں اور ان کی ترقی کے ذریعے ہی ہم اپنے ممالک کے لئے ایک خوشحال مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

ملاقات میں پاکستان کے نیشنل والنٹیئر کور اور آذربائیجان کے والنٹیئر نیٹ ورک کے درمیان ممکنہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔ چیئرمین رانا مشہود نے سفیر کو قومی رضا کار کور کے مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا جو پاکستانی نوجوانوں میں رضاکارانہ خدمات کے جذبے کو فروغ دینے کے لئے کام کر رہا ہے تاکہ وہ ملک بھر میں سماجی ترقی کے منصوبوں میں حصہ لے سکیں۔انہوں نے ایک مشترکہ فریم ورک کا تصور پیش کیا جہاں دونوں ممالک کے رضاکار سرحد پار منصوبوں میں حصہ لے سکیں، بہترین طریقوں کا تبادلہ کر سکیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکیں،ہمارے والنٹیئر نیٹ ورکس کے انضمام سے ہم پاکستان اور آذربائیجان کے نوجوانوں کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم بنا سکتے ہیں جہاں وہ امن، ثقافتی تفہیم اور کمیونٹی کی ترقی کو فروغ دینے والے منصوبوں پر مل کر کام کر سکیں۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے طلباء کے لیے دوہری ڈپلومہ کورسز کے قیام پر بھی بات چیت کی گئی۔ ان کورسز کے ذریعے طلباء کو دونوں ممالک میں تسلیم شدہ تعلیمی اسناد حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس سے ان کی تعلیمی ترقی اور کیریئر کے مواقع میں بہتری آئے گی۔ دونوں فریقین اس بات پر متفق ہوئے کہ اس قسم کے اقدامات نہ صرف تعلیمی طور پر طلباء کو فائدہ پہنچائیں گے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو بھی مضبوط کریں گے۔دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے آذربائیجان کے نوجوانوں، کھیل اور ثقافت کے وزراء کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

مجوزہ دورے کا مقصد براہ راست مکالمہ اور خیالات کے تبادلے کو فروغ دینا ہے، جس سے نوجوانوں کی ترقی، ثقافتی تبادلے اور کھیلوں کی سفارت کاری کے میدان میں زیادہ ٹھوس شراکت داری کی راہ ہموار ہو گی۔ملاقات کا اختتام پر جہاں دونوں فریقین نے پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کے روشن مستقبل کے بارے میں خوشی کا اظہار کیا، خاص طور پر نوجوانوں کے تعاون کے تناظر میں۔ چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے آذربائیجان کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لئے مزید مواقع پیدا کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان کل کے معمار ہیں اور آذربائیجان کے ساتھ ہاتھ ملا کر ہم انہیں وہ مواقع فراہم کر سکتے ہیں جن کی انہیں ایک روشن مستقبل کی تعمیر کے لئے ضرورت ہے۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام پاکستانی نوجوانوں کی جامع ترقی میں معاون بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے، تاکہ وہ عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور معاشرے میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہو سکیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button