کھیلوں کی دنیا

راولپنڈی ٹیسٹ؛ پاکستان کی 447 رنز 6وکٹوں پر بیٹنگ ڈیکلیئر، بنگلا دیش کی بیٹنگ جاری

راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف 447 رنز 6 وکٹوں پر بیٹنگ ڈیکلیئر کر دی، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 171 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 158 رنز 4 وکٹوں کے نقصان سے کیا، سعود شکیل اور محمد رضوان نے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کیلئے دوسری سب سے بڑی پارنٹرشپ قائم کی۔

سعود شکیل 141 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ سلمان علی آغا 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان 171 اور شاہین شاہ آفریدی 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلادیش کی جانب سے شورف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن مرزا اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پہلا روز

ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پہلی اننگز میں پاکستان کو ابتدا میں شدید مشکلات پیش آئیں جب محض 16 مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گنوادی تھیں، اوپنر صائم ایوب اور سعود شکیل نے نصف سنچریاں اسکور کیں تھی۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنرز بنگلادیشی بالرز کو کھیلنے میں ناکام رہے، اوپنر عبداللہ شفیق 2، کپتان شان مسعود 6 اور بابراعظم صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔ 3 وکٹیں جلد گنوانے کے بعد اوپنر صائم ایوب اور نائب کپتان سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 81 رنز تک پہنچا دیا تھا۔

تجربہ کار بلے باز بابراعظم ہوم گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 114 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 56 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 41 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائےتھے۔

ٹاس

قبل ازیں بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں اوور کاسٹ کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاکر گرین شرٹس کی جلد وکٹیں حاصل کریں۔

اس موقع پر کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹاس جیتے تو فیلڈنگ ہی کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بورڈ پر بڑا اسکور کھڑا کرکے بنگال ٹائیگرز کے بالرز کو پریشر میں لائیں۔

پاک بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بارش کے باعث آؤٹ فلیڈ گیلی ہونے کے باعث ساڑھے پانچ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا اور 41 اوورز کا کھیل ڈیرھ گھنٹے تک وقت بڑھا کر مکمل کروایا گیا۔

پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، عبداللہ شفیق، بابراعظم ، خرم شہزاد ، محمد علی، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button