کھیلوں کی دنیا

راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے پہلے روز بنگلہ دیش کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا لیے

پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلہ دیش کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا لیے ، 16 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گر جانے کے بعد صائم ایوب اور سعود شکیل نے 98 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مشکلات سے نکالا ، صائم ایوب 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،

سعود شکیل 57 اور محمد رضوان 24 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، عبداللہ شفیق 2 ، کپتان شان مسعود 6 اور بابر اعظم صفر پر پویلین روانہ ہوئے ، بنگلہ دیش کی طرف سے شریف الاسلام اور حسن محمود نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، آئوٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا اور پہلے روز 41 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، بدھ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی

، بارش کی وجہ سے آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوا ، پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور اس کی پہلی 3 وکٹیں 16 کے مجموعی اسکور پر گر گئیں ، اوپنر عبداللہ شفیق تیسرے اوور میں صرف 2 رنز بنا کر حسن محمود کی گیند پر ذاکر حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، 14 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گر گئی جب کپتان شان مسعود 6 رنز بنانے کے بعد شریف الاسلام کی گیند پر وکٹ کیپر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے

، بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور بغیر کوئی رن بنائے شریف الاسلام کا شکار بن گئے ، اس موقع پر صائم ایوب اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور چوتھی وکٹ میں 98 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 114 تک پہنچا دیا ، صائم ایوب نے پہلی ٹیسٹ نصف سنچری بنائی اور 56 رنزکی اننگز کھیل کر حسن محمود کی گیند پر مہدی حسن میراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے

، اس کے بعد سعود شکیل اور محمد رضوان نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور پہلے دن کھیل کے اختتام پر ٹیم کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 تک پہنچا دیا ، سعود شکیل نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ 57 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ محمد رضوان 24 رنز پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں ،

بنگلہ دیش کی طرف سے شریف الاسلام اور حسن محمود نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ، واضح رہے کہ ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار رہا تاہم بعد ازاں امپائرز نے گراؤنڈ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے ٹاس اور کھیل کا آغاز اڑھائی بجے کرنے کا فیصلہ کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button