قومی

وفاقی وزیراحدخان چیمہ سے جرمنی کی وزیراقتصادی امورکی ملاقات،جرمنی پائیدار اورماحول دوست توانائی منصوبوں کے لئے پاکستان کو24 ملین یورو فراہم کرے گا

جرمنی پائیدار اورماحول دوست توانائی کے شعبے میں منصوبوں کے لئے پاکستان کو24 ملین یورو فراہم کرے گا۔ یہ بات جرمنی کی وفاقی وزیر اقتصادی تعاون و ترقی مسز سوینجا شولزے نے بدھ کویہاں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جرمن پارلیمنٹیرینز، پاکستان میں جرمنی کے سفیر اور دیگر سینئر اہلکار بھی اس موقع پرموجودتھے۔ وفاقی وزیر احد خان چیمہ نے جرمنی کے اپنے ہم منصب اور ان کے وفد کے ارکان کا دورہ پاکستان پر خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہاکہ جرمنی پاکستان کا قابل قدر ترقیاتی شراکت دارہے۔انہوں نے خاص طور پر جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کے لئے پاکستان کو دی جانے والی دوطرفہ اقتصادی امداد اور تعاون کو بھی سراہا ۔وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان میں 2022 میں آنے والے سیلاب کے بعد موسمیاتی لحاظ سے موزوں تعمیر نو کے لئے جرمنی کی جانب سے91.1 ملین یوروکی معاونت قابل تعریف ہے۔

احدخان چیمہ نے کہاکہ جرمنی پاکستان کادیرینہ دوست ملک ہے، دونوں ممالک 1961 سے دوستی، تعاون اور دیرینہ شراکت داری کے رشتوں میں بندھے ہیں، جرمنی نے اب تک پاکستان کومجموعی طورپر 4 ارب یوروکی ترقیاتی امداد دی ہے ۔ احدخان چیمہ نے کہاکہ حکومت اقتصادی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے محصولات میں اضافہ ، برآمدات پرمبنی اقتصادی نمو، زرعی ترقی اوراستعدادکارمیں اضافہ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی ترقی کو اہمیت دے رہی ہے، اصلاحات کاعمل آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ فریم ورک کے اندرجاری ہے ۔

انہوں نے پاکستان میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے لئے جرمنی کے تعاون اور پاکستان جرمن کلائمیٹ اینڈ انرجی پارٹنرشپ کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جرمنی کی حکومت صاف توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گی اورطے شدہ وعدوں کے مطابق پاکستان کیلئے مختص امدادمیں کسی قسم کی کمی نہیں کی جائے گی۔

جرمنی کی وزیرنے کہاکہ پاکستان اورجرمنی کے درمیان شراکت داری وقت کی آزمائش پرپورااتری ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے مشترکہ طور پر شناخت شدہ شعبوں میں اہم نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ جرمن وفاقی وزیر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جرمنی کی حکومت پاکستان کو پائیدار توانائی اورماحول کونقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج میں کمی کے منصوبوں کے لئے 24 ملین یورو فراہم کرے گی۔

انہوں نے پاکستان کی ٹیکسٹائل کی صنعت کی صلاحیتوں اور استعداد کوسراہا اور اس کی مزید ترقی اور اس شعبے میں مستقبل میں پاک جرمن تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔فریقین نے موسمیاتی اورماحولیاتی طورپرموزوں منصوبوں کی اہمیت اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارو کی ترقی کو پاکستان کی معیشت کے لیے اہم عوامل کے طور پر تسلیم کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button