کاروباری

نباف پاکستان‘ میں جدت پر توجہ دی جائے گی، اسے عالمی معیارات سے ہم آہنگ کیا جائے گا، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد کا ’نباف پاکستان ‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ہے کہ ’نباف پاکستان‘ میں جدت پر توجہ دی جائے گی اور اسے عالمی معیارات سے ہم آہنگ کیا جائے گا،مالی شعبے کے لیے مہارتوں کا فروغ اور بلند معیارات کا تعین لازمی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ’نباف پاکستان ‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔بینک دولت پاکستان کے گورنرجمیل احمد نے ملکی مالی شعبے کے لیے مہارتوں کے فروغ اور بلند معیارات کے تعین پر زور دیا۔ وہ ’نباف پاکستان‘ کی افتتاحی تقریب میں شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔

یہ ایک نیا ادارہ ہے جو قومی ادارہ برائے بینکاری و مالیات (نباف) اور ادارہ بینکاران پاکستان (آئی بی پی) کے انضمام سے وجود میں آیا ہے۔گورنر نے کہا کہ نباف پاکستان ’نباف‘اورآئی بی پی کی مہارتوں کے اشتراک سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مالی صنعت کے تقاضوں کے مطابق تربیتی پروگراموں، سرٹیفکیشن، اہلیتوں اور جائزے کی خدمات کی ایک وسیع رینج پیش کرے گا۔ انھوں نے انضمام میں شامل دونوں ٹیموں کی محنت کی تعریف کی، نیز بہتر کارکردگی اور اس اشتراک سے ملنے والے نئے مواقع کا ذکر کیا۔

انہوں نے اپنا نصب العین بتاتے ہوئے کہا کہ نباف پاکستان بینکاری اور مالیات میں تعلیم اور ترقی کا ایک نمایاں ادارہ بنے گا جہاں جدت پر توجہ دی جائے گی اور اسے عالمی معیارات سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ جمیل احمد نے مزید بتایا کہ یہ انضمام بالخصوص پیشہ ورانہ ترقی کی طرف پیش رفت، بہترین روایات کے فروغ، اور اقتصادی ترقی کی معاونت کے قومی اہداف سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے بینکوں اور مالی اداروں سے کہا کہ وہ نباف پاکستان کے ساتھ فعال اشتراک کریں اور مثبت تبدیلی اور مضبوط مالی شعبے کی تعمیر کے لیے اس کے وسائل سے استفادہ کریں ۔افتتاحی تقریب ’نباف‘ پاکستان کے کراچی آفس میں ہوئی جس میں مالیات اور بینکاری شعبے، کارپوریٹ سیکٹر، ترقیاتی اداروں اور دانش گاہوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button