بلاول بھٹو زرداری کا ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔میڈیا سیل سے جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران سب سے زیادہ جانی نقصان صوبہ خیبرپختونخواہ میں ہوا ہے،صرف کوہاٹ میں 10 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، خیبرپختونخواہ میں بارش متاثرین بے یارومددگار ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ارکانِ اسمبلی بارشوں کے دوران اپنے حلقوں میں موجود رہیں،سندھ اور بلوچستان میں وزراء، ارکان اسمبلی اور بلدیاتی ذمہ داران امدادی کاموں کی نگرانی کریں،یقینی بنایا جائے کہ کوئی ایک متاثر بھی حکومتی امداد سے محروم نہ رہ جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بارش زدہ علاقوں میں جیالے ضرورت مند افراد اور متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں،پیپلز پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان بارش متاثریں کی مدد کے لئے متحرک ہوجائیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومتِ پنجاب بارش متاثرین کی بلاتفریق و بروقت امداد کو یقینی بنائے گی۔