عالمی

یمن میں مائن کلیریئنس پروگرام کی مدت میں ایک سال کی توسیع

سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف سینٹرنے یمن میں بارودی سرنگوں کے خاتمے کے پروگرام "مسام” کی مُدت میں مزید ایک سال کی توسیع کرتے ہوئے اس کے لیے 3 کروڑ59 لاکھ98 ہزار 500 ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایس پی اے کے مطابق اس منصوبے کو سعودی کیڈرز اور بین الاقوامی ماہرین نے یمن کی ٹیموں کے ذریعے عملی جامہ پہنایا ہے جو یمن میں تمام شکلوں کی بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے لیے تربیت یافتہ ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد یمن کے عوام کی زندگیوں کو بارودی سرنگوں کے براہ راست لاحق خطرات سے بچانا ہے۔

یہ منصوبہ اس سلسلے میں تربیت اور یمنی صلاحیت سازی کی سرگرمیوں پر بھی کام کرتا ہے۔ مرکز کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے وضاحت کی کہ عمل درآمد کرنے والے پارٹنر کے ساتھ معاہدے کی تجدید اس اہمیت کے پیش نظر کی گئی ہے کہ یہ مخصوص منصوبہ یمن کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کے عمل کو مکمل کرنے میں مدد کر رہا ہے۔ اس منصوبے نے اب تک 4 لاکھ 50 ہزار 919 بارودی سرنگیں اور مختلف دھماکہ خیز مواد کو تلف کیا ہے۔ مسام پراجیکٹ کے ڈائریکٹرجنرل انجینئر اسامہ القصیبی نے کہا کہ یہ منصوبہ جون 2018 میں شروع ہوا تھا جس میں مزید ایک سال کی توسیع کی گئی ہے۔اس میں تربیت اور لاجسٹک سپورٹ کو تیز کرکے منصوبےکو مقامی ماہرین کے حوالے کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ گزشتہ 6 سالوں میں یمن میں اپنی انسانی بنیادوں پر کارروائیوں کو نافذ کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ وہ اپنے تمام فیلڈ آپریشنز میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ پراجیکٹ میں کام کی حکمت عملی واضح بنیادوں پر مبنی ہےجو ہر قسم اور شکل کی بارودی سرنگوں سے لاحق خطرے کی نوعیت کے وسیع مطالعے کے بعد اختیار کی گئی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button