کھیلوں کی دنیا

اولمپئن ارشد ندیم پی ٹی سی ایل گروپ کےبرانڈ ایمبسیڈر مقرر

پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کام ادارے پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل ، یوفون فور جی) نے معروف اولمپیئن و جیولین تھرو کھلاڑی ارشدندیم کو اپنا برانڈ ایمبسیڈر مقرر کرلیا ہے۔ ارشد ندیم کی زندگی اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کو اُجاگر کرنے اور آئندہ ماہ پیرس میں ہونے والے سمر اولمپکس 2024 ء میں ان کی کامیابی کیلئے قومی سطح پر حوصلہ افزائی کیلئے ایک شاندار کمپین کا انتظام کیاگیا ہے۔جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ کمپین پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان کی زندگی ، محنت اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد نوجوانوں میں محنت اور کامیابی کے حصول کی لگن پیدا کرنا ہے۔

گروپ نے اُمید ظاہر کی کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی نوجوان ارشد ندیم کے نقشِ قدم پر چلیں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ارشد ندیم ایک قومی ہیرو ہیں جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر جیولین تھرو کے کھیل میں غیر معمولی کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ سال 2021 ء میں ارشد ندیم اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے والے اولین پاکستانی ٹریک اور فیلڈ اتھلیٹ بنے ،جنہوں نے ٹوکیو المپکس کے جیولین تھرو مقابلوں میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے 2022 ء کے کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ حاصل کیا او ر 1962 ء کے بعد سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بنے۔

انہوں نے 2021 ء میں منعقدہ اسلامی یکجہتی کھیلوں میں پاکستان کیلئے ایک اور طلائی تمغہ جیتا جبکہ 2023 ء میں بڈاپیسٹ میں منعقد ہونے والے ورلڈ ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا اور ساتھ ہی پیرس میں منعقد ہونے والے 2024 ء سمر اولمپکس میں بھی جگہ بنا لی۔پی ٹی سی ایل گروپ کی کمپین کا مقصد ارشد ندیم کی ناقابل ِ شکست جیت کی لگن کو سراہنا ہے جس کی مدد سے انہوں نے متعددسماجی و معاشی رکاوٹیں عبور کیں اور ایک ایسے کھیل میں ملک کا نام روشن کیا۔ ان کی ثابت قدمی اور جیت کی لگن کو تسلیم کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل گروپ نے نوجوانوں اور پوری قوم کیلئے ایک مثالی کردار کے طور پر ان کی پذیرائی کی ہے۔ اس اقدام کا ایک مقصد ملک میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کی بھی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر دیگر مقابلوں میں بھی شریک ہوسکے۔

اس موقع پر ارشد ندیم نے کہا کہ میں مسلسل مدد اور حوصلہ افزائی کیلئے پی ٹی سی ایل اور یوفون کا بے حد شکرگزار ہوں۔ میری پیشہ ورانہ کاوشوں پر ان کے اعتماد سے کھیلوں کے شعبے میں ثابت قدمی اور مشترکہ عزم کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے۔ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ پی ٹی سی ایل گروپ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی مسلسل سرپرستی کررہا ہے۔ اگر تعاون اور حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو کوئی شک نہیں کہ عالمی سطح پر کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا ڈنکا بجے گا۔ پیرس اولمپکس میں میری بھرپور کوشش ہوگی کہ میں پی ٹی سی ایل گروپ اور قوم کی محبت اور تعاون کا حق ادا کر سکوں۔

چیف مارکیٹنگ آفیسر ، پی ٹی سی ایل و یوفون سید عاطف رضا نے کہاکہ ارشد ندیم ایک قومی ہیرو ہیں اور ان کا پیشہ ورانہ سفر ناقابل ِ شکست جذبے اور مسلسل عزم سے عبارت ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک ایسے ہیرو کے پیچھے کھڑے ہیں جو عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کررہا ہے۔ ارشد ندیم کے ساتھ تعاون کے ذریعے ہم پاکستان کے نوجوانوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں ۔ پی ٹی سی ایل گروپ کو یقین ہے کہ پاکستانی نوجوان غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں ، اس لیے گروپ ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں ۔ ملک میں ضلعی سطح پر فٹ بال ، والی بال اور دیگر کھیلوں کے فروغ کی کوششیں، کرکٹ کے قومی کھلاڑیوں کے ساتھ شراکت داری اور پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مسلسل تعاون ، پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کی چیدہ مثالیں ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button