قومی

مون سون سیزن 2024 کے دوران اداروں کے مابین رابطہ کاری موثر بنانے کے لیے ڈیزاسٹر رسپانس کمیٹی کا اجلاس

وزیر اعظم کی طرف سے تشکیل دی گئی ڈیزاسٹر رسپانس کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو یہاں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہوا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی وفاقی اور صوبائی متعلقہ اداروں کے مابین قدرتی آفات سے نمٹنے کی کوششوں خاص طور پر مون سون کے موسم اور اس سے منسلک خطرات اور خطرات کے تناظر میں موثر ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے قائم کی گئی ہے۔ اجلاس کا مقصد مون سون سے متعلق ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فعال ردعمل کے منصوبوں کے لیے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کرنا، تیاریوں کا جائزہ لینا،وسائل کی تقسیم، قبل از وقت انتباہی نظام اور کمیونٹی کو تیاری کے مراحل میں شامل کرنا تھا۔

کمیٹی کے ارکان نے ہنگامی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جن میں اداروں کے مابین رابطہ کار ی کو موثر بنانے، مشترکہ تربیتی مشقوں کے انعقاد اور مربوط ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے خطرے سے دو چار علاقوں میں وسائل کی تعیناتی شامل تھی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے شرکاء کو این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے مون سون کے موسم کے بارے میں پیش گوئی پر بریفنگ دی اور کہا کہ ڈیزاسٹر رسپانس کمیٹی کا قیام ہمارے قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ فریم ورک کو موثر اور مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جیسا کہ مون سون کا سیزن شروع ہوچکا ہے تویہ ضروری ہے کہ ہم کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اچھی طرح سے تیار ہوں۔

انہوں نے مون سون کے ہنگامی حالات کے لیے سٹاک پوزیشنز کا جائزہ لینے کی اہمیت پر زور دیا جو آفات کی صورت میں بنیادی اقدامات کرنے کے لیے ضروری ہے۔ وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وزیر احسن اقبال نے بطور کمیٹی کنوینر اجلاس کی صدارت کی اور آفات سے نمٹنے کے لیے مربوط اور موثر نقطہ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مون سون کے موسم کے دوران پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال پر بروقت اور موثر ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکام سمیت تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں این ڈی ایم اے، وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے سینئر حکام، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، فلاحی اداروں کے نمائندوں اور دیگر معاون اداروں نے شرکت کی۔ کمیٹی کے ارکان نے موثر رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے خطرے سے دوچار علاقوں کی نشاندہی کرنے اور موثر طریقہ کار مرتب کرنے کے لیے گزشتہ آفات سے نمٹنے کے تجربات کا بھی جائزہ لیا۔ڈیزاسٹر رسپانس کمیٹی کی نگرانی اور درپیش مسائل کے حل کے لیے باقاعدگی سے میٹنگ منعقد ہوتی رہے گی۔ این ڈی ایم اے مرکزی رابطہ کار ادارے کے طور پر ان کوششوں کو آسان بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا کہ تمام اقدامات قومی آفات سے نمٹنے کی پالیسی کے مطابق ہوں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button