کھیلوں کی دنیا

مشیر بین الصوبائی رابطہ کا سپورٹس فیڈریشنز میں ریگولیشنز نافذ کرنے کا اعلان

مشیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ خان نے ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لئے سپورٹس فیڈریشنز میں ریگولیشنز نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان فیڈریشنز میں لوگ مراعات لینے کے لئے براجمان ہیں جبکہ ان کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے ، اب عالمی کھیلوں میں شرکت کے لئے صرف کھلاڑی ہی سرکاری خرچ پر جاسکیں گے ، باقی لوگ جانا چاہیں تو اپنے خرچ پر جائیں گے ، یہ المیہ نہیں تو اور کیا ہے کہ اولمپکس میں چھوٹے چھوٹے ممالک کے کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس کے بڑے دستے جبکہ پاکستان سے صرف تین چار لوگ ہی اور وہ بھی اپنے بل بوتے پر شرکت کر رہے ہیں ۔

وہ راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے زیر اہتمام ”انٹرنیشنل سپورٹس جرنلسٹس ڈے“ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ہمیں اس بات کو تسلیم کرنا چاہیے کہ ملک سیاست کے ذریعے ہی چل سکتا ہے اور سیاسی جماعتوں کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتا ہے ، پوری دنیا میں ملکوں کو چلانے اور قوموں کو آگے بڑھانے کا یہ ہی ایک طریقہ ہے ۔

ہم نے جھوٹے بولنے ، ہٹ دھرمی اور زور زبرد ستی کا نام سیاست رکھ دیا ہے ،ہمیں اس رویئے میں تبدیلی لانا ہوگی ، برے رویوں کا تدارک کرنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو تحریک کے طور پر آگے بڑھنا چاہیے ، بحیثیت قوم ہمیں اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی ۔ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال ہمیں آگے بڑھنے سے روکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اچھی روایات کو اجاگر کرنے اور خوداحتسابی کی ضرورت ہے ۔

مشیر بین الصوبائی رابطہ نے کہا کہ سپورٹس فیڈریشن میں ریگولیشن نافذ کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا ۔ عالمی سطح کی کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنائیں گے ۔کھلاڑیوں کے علاوہ کھیلوں میں حصہ لینے والے لوگ اپنے اخراجات خود برداشت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس جرنلسٹس کی ذمہ داری ہے کہ وہ کھیلوں کے میچوں کے علاوہ اس بات پر بھی نظر رکھیں کہ فیڈریشنز کی کیا کارکردگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ان چیزوں کو اس انداز سے قوم کے سامنے لائے کہ اس طرف بھی اصلاح ہوسکے ۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button