ٹاپ نیوز

پاکستان اور تاجکستان کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری ،ہوا بازی، سفارتکاری، تعلیم، کھیلوں، سماجی روابط، صنعتی تعاون، سیاحت اور دیگر شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور تاجکستان کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری ،ہوا بازی، سفارتکاری، تعلیم، کھیلوں، سماجی روابط، صنعتی تعاون، سیاحت اور دیگر شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تاجک صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات کی۔تاجک صدر نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا قصر ملت میں استقبال کیا۔ قصر ملت آمد پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔وزیراعظم نے تاجک صدر سے ملاقات کی اور پاکستان اور تاجکستان کے اعلیٰ سطحی وفود کے اجلاس میں شرکت کی۔

اعلیٰ سطح وفود کے اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں وفود نے سماجی، مذہبی، علاقائی اور تاریخی تعلقات کی بنیاد پر قائم باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دو طرفہ تعلقات کے ضمن میں دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، باہمی روابط، ثقافت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع، انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد، پارلیمانی تبادلوں اور دیگر شعبوں میں اشتراک کے حوالے سے گفتگو کی۔ دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان موجود دوستانہ تعلقات کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان اور تاجکستان کے مابین خارجہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں راہنماؤں نے اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کئے جس کے تحت پاکستان اور تاجکستان کے حالیہ خارجہ تعلقات کو طویل مدتی اسٹریٹجک اشتراک میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ہوا بازی، سفارتکاری، تعلیم، کھیلوں، سماجی روابط، صنعتی تعاون، سیاحت اور دیگر شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔وزیراعظم نے تاجک صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی مکروہ بھارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

دونوں راہنماؤں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ دونوں راہنماؤں نے غزہ میں مزید انسانی زندگیوں کے ضیاع کو روکنے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کے تاجکستان کے دو روزہ دورے نے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دی ہے۔ وزیراعظم نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں قصر ملت کے علاوہ اسماعیل سامانی کی یادگار اور قصر نوروز کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button