ٹاپ نیوز

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی ا مور پرتبادلہ خیال

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی ا مور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ترکیہ برادر اسلامی ملک ہے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اور پائیدار تاریخی روابط ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ترک صدر طیب اردوان کے بین الاقوامی سطح پر امت مسلمہ کے لئے فعال کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بطور وزیر اعظم پاکستان اپنے یادگار دورہ ترکیہ کا ذکر بھی کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ترک تاجر پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لئے دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر حکومت ترکیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر بمباری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ مشرق وسطیٰ اور فلسطین میں پائیدار امن کے قیام کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے ترکیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ترک وزیر خارجہ نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر سینیٹرز عرفان صدیقی، شیری رحمان اور سیکرٹری سینیٹ اور سید حسنین حیدر بھی موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button