کھیلوں کی دنیا

ویسٹ انڈیز ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے، ڈیوڈ وارنر

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ مہمان ویسٹ انڈین ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کے خلاف ان کی ٹیم نے ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے بھرپور تیاری کی ہے۔ 37 سالہ ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ فتح کے بعد ان کی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سٹار بلے باز نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں اچھا پرفارم کرتی ہے اور اس کو شکست دینا آسان نہیں ہوگا تاہم ان کی ٹیم نے سیریز کے ابتدائی میچ سے قبل بھرپور تیاری کے ساتھ حکمت عملی تیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ کالی آندھی کے خلاف ابتدائی ٹی ٹونٹی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وارنر نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور مہمان ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو ابتدائی میچ میں شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے ۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 9 فروری سے ہوبارٹ میں ہوگا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button