قومی

صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے،سردار عبدالرحمن کھتیران ، میر یونس عزیز زہری

صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمن کھتیران سے قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے پیر کے روزملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان، موثر قانون سازی کے امور، جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو درپیش مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس کے دوران باہمی مشاورت کے فروغ اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ امن و امان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔قانون سازی کے حوالے سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایسے مؤثر اور جامع قوانین متعارف کرائے جائیں گے جو نہ صرف عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں بلکہ صوبے میں شفاف طرزِ حکمرانی کو بھی فروغ دیں۔

اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ قانون سازی کا عمل وسیع تر مشاورت اور اتفاقِ رائے سے آگے بڑھایا جائے تاکہ مثبت اور دیرپا نتائج حاصل کیے جا سکیں۔صوبے کی ترقی کے حوالے سے جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، وسائل کے شفاف استعمال اور پسماندہ علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی عمل میں شامل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوری نظام کا حصہ ہے تاہم صوبے کی ترقی اور عوامی مفاد کے معاملات پر سیاسی قیادت کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ملاقات میں رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ اور میر غلام دستگیر بادینی بھی شریک تھے۔ انہوں نے بھی عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے باہمی رابطوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صوبے کی خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button