وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سے پرتگالی ہائی کمشنر کی ملاقات، قانونی اور عدالتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پرتگال کے ہائی کمشنرمینوئل فریڈریکو پنہیرو ڈا سلوا کی ملاقات میں شعبۂ انصاف میں باہمی تعاون، عدالتی تربیت، ادارہ جاتی اصلاحات اور استعدادِ کار میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں گزارا گیا ہر دن ان کے لیے یادگار اور خوشگوار تجربہ رہا۔ انہوں نے گلگت بلتستان اور شمالی علاقوں کی دلکش اور جنت نظیر خوبصورتی کو سراہتے ہوئے انہیں زمین پر جنت قرار دیا۔
انہوں نے پاکستان کی متحرک ثقافت اور عوام کی گرمجوشی و مہمان نوازی کو بھی منفرد اور قابلِ تحسین قرار دیا۔وفاقی وزیرِ قانون نے ہائی کمشنر کی مدتِ تعیناتی کے دوران ان کی سفارتی خدمات اور دوطرفہ تعاون کو سراہا اور پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کے فروغ میں ان کے مثبت کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ملاقات میں شعبۂ انصاف میں باہمی تعاون، عدالتی تربیت، ادارہ جاتی اصلاحات اور استعدادِ کار میں اضافے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے قانونی اور عدالتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔



