وزیراعظم کا آسٹریا کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ، پاکستان کاروبار کے لیے کھلا اور آسٹریا کے ساتھ شراکت داری کے نئے مرحلے کے لیے تیار ہے، شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آسٹریا کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کاروبار کے لیے کھلا اور آسٹریا کے ساتھ شراکت داری کے نئے مرحلے کے لیے تیار ہے، آسٹریا کے سرمایہ کار پاکستان میں پرکشش مواقع سے فائدہ اٹھائیں، تجارت اور علمی تبادلوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، شعبہ سیاحت کی ترقی کے لیے تعاون کے خواہاں ہیں، جی ایس پی پلس کے لیے حمایت پر آسٹریا کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔
آئیے ہم مل کر غیرقانونی نقل مکانی کا مقابلہ کریں، ہنر مند پاکستانی نوجوانوں کو آسٹریا میں ملازمتوں تک رسائی فراہم کریں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو آسٹریا کے چانسلر کرسچئین اسٹاکر کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے آسٹرین چانسلر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان سے دوبارہ ملاقات پر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے، آپ کے ساتھ گزشتہ سال نیویارک میں ہونے والی ملاقات یاد ہے، پاکستان اور آسٹریا کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں آپ کی گہری دلچسپی سے بہت متاثر ہوا ہوں، لاہور میں ہمارے پاس آسٹریا کے تعاون سے قائم کیا گیا ایک ثقافتی سینٹر بھی ہے، وہ اس کے سرپرست ہیں، یہ ثقافتی تعاون پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوستی کو فروغ دینے میں بہت زیادہ معاون ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے لیے پاکستانی عوام کی والہانہ نیک تمنائیں اور اپنی حکومت کا واضح پیغام لے کر آیا ہوں، پاکستان کاروبار کے لیے کھلا ہے اور پاکستان آسٹریا کے ساتھ شراکت داری کے نئے مرحلے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں، ہم آسٹریا کے دوستوں کو خوش آمدید کہیں گے کہ وہ پاکستان میں موجود وسیع مواقع سے استفادہ کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ آسٹریا کی طرف سے جی ایس پی پلس کی بابت پاکستان کی حمایت کا بھی خلوص دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، آئیے ہم مل کر عمومی تجارت ،علمی تبادلوں اور نئے پیدا شدہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں، ہنرمند افرادی قوت ، نقل و حمل اور فنی تربیت ہمارے تعاون کے مرکزی شعبہ جات ہو سکتے ہیں، آئیے ہم مل کر غیرقانونی نقل مکانی کا مقابلہ کریں، ہنر مند پاکستانی نوجوانوں کو آسٹریا میں ملازمتوں تک رسائی فراہم کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ آسٹریا کے پہلے ہی دیگر ممالک کے ساتھ اسی طرح کے معاہدے موجود ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جس میں بلند پہاڑ اور مبہوت کر دینے والے خوبصورت مناظر ہیں، ہماری خواہش ہے کہ آپ شعبہ سیاحت میں ترقی میں تعاون کریں۔وزیراعظم نے بھرپور استقبال پر آسٹریا کے چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آنے والے برسوں میں آسٹریا کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے متمنی ہیں۔
انہوں نے آسٹریا کے چانسلر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ پاکستان میں ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفود کی سطح پر مذاکرات میں ابتدائی کلمات جرمن زبان میں ادا کئے جس پر فیڈرل چانسلر اور ان کے وفد کے ارکان بھی دنگ رہ گئے۔وزیراعظم نے کہا کہ کچھ باتیں جرمن زبان میں کروں گا، آپ سب کو جرمن زبان سے آشنائی ہے، وہ موزارٹ کے بڑے فین ہیں، اس کے لیے آپ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب میں نوجوان تھا تو آسٹریا آیا تھا، میں نے موزارٹ کے شہر سالزبرگ اور یہاں ویانا میں شوئن برن محل کا دورہ کیا، مجھے گرمائی رہائش گاہ میں گرم جوشی سے خوش آمدید کہا گیا اور میں نے ویانا سٹیٹ اوپیرا کا دورہ کیا جہاں میں نے ویاناکی کافی کابھی لطف اٹھایا جو بہت شاندار اور عمدہ تھی۔



