حکومت ملک میں وینچر کیپیٹل اور جدت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے،وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی گوبی پارٹنرز کے وفدسے ملاقات میں گفتگو

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے فروغ، مالیاتی منڈیوں کو گہرا کرنے اور ٹیکنالوجی پر مبنی معاشی تنوع کی حمایت کے وسیع تر حکومتی حکمت عملی کے تحت پاکستان میں وینچر کیپیٹل اور جدت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں گوبی پارٹنرز کے وفدسے ملاقات میں کہی جس کی قیادت چیئرمین تھامس سائو کر رہے تھے، وفد میں منیجنگ پارٹنر نائل اکرام اور انویسٹمنٹ ایسوسی ایٹ ابریز عبداللہ بھی شامل تھے۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے پاکستان کے وینچر کیپیٹل ایکو سسٹم میں گوبی پارٹنرز کی دلچسپی کو سراہا اور ایشیا بھر میں اس ادارے کی موجودگی کا اعتراف کیا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے فروغ، مالیاتی منڈیوں کو گہرا کرنے اور ٹیکنالوجی پر مبنی معاشی تنوع کی حمایت کے وسیع تر حکومتی حکمت عملی کے تحت پاکستان میں وینچر کیپیٹل اور جدت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سٹارٹ اپ اور کاروباری شعبے کی توسیع، اختراع کے فروغ اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے رسک کیپیٹل تک رسائی نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ وفد نے وزیر خزانہ کو گوبی پارٹنرز کے علاقائی نیٹ ورک اور پاکستان میں ٹیکشیلا فنڈ اول کے ذریعے کی جانے والی سرمایہ کاری سے آگاہ کیا جو 2020ء میں قائم کیا گیا تھا اور جس نے فن ٹیک، ای کامرس اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے شعبوں میں مختلف سٹارٹ اپس کی معاونت کی ہے۔
ملاقات میں بتایاگیا کہ وینچر کیپیٹل کی شمولیت نے پاکستان میں اضافی غیر ملکی سرمایہ کاری کو متحرک کرتے ہوئے روزگار کے مواقع، مالی شمولیت اور ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ گوبی پارٹنرز نے ٹیکشیلا فنڈ دوم سے متعلق منصوبے سے بھی آگاہ کیا جس کا مجوزہ حجم 50 ملین ڈالر ہے اور جس کا مقصد فن ٹیک، لاجسٹکس، ہیلتھ ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر سروسز جیسے بلند صلاحیت کے حامل شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔ ادارے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے سرمائے سے اس فنڈ کی بنیاد رکھے گا اور ملکی و بین الاقوامی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی شرکت کو بھی متحرک کرے گا۔
وفد نے پاکستان میں وینچر کیپیٹل کے لیے سازگار فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس ضمن میں انہوں نے تجویز دی کہ مقامی مالیاتی اداروں کو وینچر کیپیٹل اور پرائیویٹ ایکویٹی میں زیادہ شرکت کی ترغیب دی جائے، نیز مقامی سرمایہ کاروں کی شمولیت کو آسان بنانے کے لیے وینچر کیپیٹل اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ سرمایہ کاری کو ٹیکس پاس تھرو کا درجہ دینے پر غور کیا جائے۔ وزیر خزانہ نے کلی معیشت کے استحکام کو برقرار رکھنے، کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور ٹیکس پالیسی و سرمایہ کاری میں سہولت سے متعلق اصلاحات کو آگے بڑھانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی سرمائے کو متحرک کرنا اور اس کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ، اختراع پر مبنی مضبوط اور پائیدار ترقیاتی ماڈل کی تشکیل کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ملاقات میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے وینچر کیپیٹل اور ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی ایکو سسٹم کی حمایت کے لیے باہمی روابط اور تعاون کو مسلسل جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیاگیا۔



