دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد میں ریکارڈ اضافہ
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 2024 کی پہلی ششماہی میں 4 کروڑ 49 لاکھ مسافروں کا خیرمقدم کیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 8 فیصد زائد ہے۔ متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ ریکارڈ اضافہ اہم منڈیوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی مانگ اور چین جیسی منڈیوں کے دوبارہ فعال ہونے کے باعث ہوا ہے۔ ایئرپورٹ کے سی ای او پال گرفتھس کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ رواں سال 9 کروڑ 18 لاکھ مسافروں کی آمد کے ساتھ نئے ریکارڈ قائم کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔
بھارت 61 لاکھ مسافروں کے ساتھ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سب سے اہم منزل ہے جس کے بعد سعودی عرب، برطانیہ اور پاکستان اس فہرست میں شامل ہیں۔ یہ ایئرپورٹ 106 ممالک کے 269 شہروں سے منسلک ہے اور 101 بین الاقوامی ایئرلائنز یہاں اپنی خدمات فراہم کرتی ہیں۔پروازوں کی کل تعداد 2 لاکھ 16 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جو پچھلے سال کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 7.2 فیصد زیادہ ہے۔