قومی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پیپلز پارٹی کرم کے وفد کی رفیع اللہ چمکنی کی قیادت میں ملاقات

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی کرم کے وفد نے رفیع اللہ چمکنی کی قیادت میں گزشتہ روز ملاقات کی۔ گورنر خیبرپختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو کرم میں مواصلات ، پینے کے پانی اور وفاقی محکمہ جات سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں کرم میں پیپلز پارٹی کے تنظیمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوامی خدمت پیپلز پارٹی کا طرہ امتیاز ہے، پارٹی منشور ، قیادت کے وژن کے مطابق صوبہ کے عوام کی ہر ممکن خدمت میری ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنٹرل کرم پاسپورٹ دفتر کے قیام کے حوالہ سے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔ اسی طرح الیکشن کمیشن سے متعلق مسائل کے حل میں بھی ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرین سنٹرل کرم اور لوئر کرم کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، ہلال احمر کے زریعے ماضی میں کرم متاثرین کی ہرممکن مدد کی، کرم متاثرین کی بلاامتیاز خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ میں پائیدار امن ہی حقیقی اور دیرپا ترقی کا باعث بنے گا، امن ہوگا تو ہماری معدنیات اور دیگر اشیاء کےلیے سرمایہ کار یہاں آئیں گے، اٹھارویں ترمیم کے بعد محکمہ جات صوبائی حکومت کے ماتحت ہیں تاہم اسکے باوجود کرم کے باسیوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کےلیے کوشاں ہیں۔

صوبائی حکومت نے ماضی میں ضم شدہ اضلاع کےلیے ملنے والے فنڈ پر شب خون مارا، میں نے وزیراعظم صاحب کو اس حوالہ سے درخواست کی ہے، صوبہ کے ضم اضلاع کے باسیوں کے ساتھ روا رکھی گئی زیادتی کا ازالہ انتہائی ضروری ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button