پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات نئے شعبوں، خصوصاً پیٹرولیم اور معدنیات تک پھیل رہے ہیں ،وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات نئے شعبوں، خصوصاً پیٹرولیم اور معدنیات، تک پھیل رہے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات ہمیشہ درست سمت میں آگے بڑھے ہیں،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی مشکلات سے نکل کر استحکام کی جانب گامزن ہوا ہےجس میں چین نے نمایاں تعاون فراہم کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی اسپرنگ فیسٹیول کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چینی اسپرنگ فیسٹیول کے موقع پر پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے نے “چینی نیاسال،چین–پاکستان ساتھ ساتھ” کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیاجس میں پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ نئے سال کی خوشیاں منائی گئیں اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کی تجدید کی گئی۔وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور پاکستان و چین کے گہرے تعلقات کو اجاگر کیا۔انہوں نے چینی قیادت، حکومت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گھوڑے کا سال پاکستان چین دوستی کی مضبوطی اور استقامت کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل معاشی حالات میں پاکستان کا غیر متزلزل ساتھ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی مشکلات سے نکل کر استحکام کی جانب گامزن ہوا ہےجس میں چین نے نمایاں تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب اگلا ہدف ملکی معیشت میں ترقی کو یقینی بنانا ہے اور چینی تعاون اس ترقی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔کان کنی کے شعبے میں تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان اس شعبے میں کئی مشترکہ منصوبے جاری ہیں اور اس تعاون کو مزید وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیندک منصوبے کی کامیابی کے بعد دوطرفہ معدنی تعاون میں اگلا بڑا سنگِ میل سیادک منصوبہ ہوگا، جسے جلد فعال کرنے کی امید ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین ایک ہر موسم میں آزمودہ اسٹریٹجک شراکت داری رکھتے ہیں اور آئندہ سال دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات نئے شعبوں، خصوصاً پیٹرولیم اور معدنیات، تک پھیل رہے ہیں اور پاکستان چین تعلقات ہمیشہ درست سمت میں آگے بڑھے ہیں۔چین کے سفیر جیانگ ژی یڈونگ نے کہا کہ پاکستان پر چین کا اعتماد غیر متزلزل ہے۔
انہوں نےتوانائی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک آئندہ سال میں اپنے عوام کی مشترکہ خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔تقریب اختتام پذیر ہوئی تو فضا میں اتحاد اور عزمِ نو کی جھلک نمایاں تھی جو اس بات کی علامت تھی کہ چین اورپاکستان نئے سال میں بھی اپنی لازوال دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔



