کاروباری

سیاحت کے فروغ کےلئے فیصل آباد چیمبر اور پی ٹی ڈی سی میں تعاون بڑھایا جائے گا، محکمہ سیاحت پنجاب

ٹوورازم،آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ایڈیشنل سیکرٹری صدف ظفر نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کےلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز اور پی ٹی ڈی سی میں تعاون کوبڑھایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ سے ملاقات کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کئی شہر دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کےلئے انتہائی متبرک اور مقدس ہیں جن کے پوٹینشل سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے تاریخی مقامات کی سیر کےلئے دو بسیں مہیا کر دی گئی ہیں جن کے ذریعے مقامی، ملکی اور غیر ملکی سیاح اس شہر کو زیادہ بہتر طور پرسمجھ سکیں گے۔

ا ن کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیاحت کے فروغ کےلئے ایک ہزار طلبہ کوانٹرن شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔صدف ظفر کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر چیمبر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ پاکستان میں بالعموم اور پنجاب میں بالخصوص بے شمار تفریحی اور سیاحتی مقامات موجود ہیں مگر ہم ان سے فائدہ نہیں اٹھارہے۔

انہوں نے مری میں سفاری ٹرین اور تفریحی بسیں چلانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ پٹریاٹہ کی چیئر لفٹ کو جدید بنانے اور وہاں زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی سے میٹنگ کر کے باہمی تعاون کو بڑھانے کےلئے اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تاریخی اور تفریحی مقامات کی مؤثر تشہیر او رمارکیٹنگ کےلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔ انہوں نے لاہور کے قلعے کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ چنیوٹ کے نزدیک دریائے چناب پر پی ٹی ڈی سی کاریزارٹ تھا جس کی حالت انتہائی مخدوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا کا میوزیم عالمی شہر ت رکھتا ہے تاہم ہمیں مختلف شہروں کی تاریخی اور تفریحی مقامات کی نشاندہی کر کے اُن کے بارے میں کتابچے شائع کرنے چاہئیں۔ آخر میں سابق سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے محترمہ صدف ظفر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اِس موقع پر طارق چوہدری، ایم شاہد اور محمد جمیل کسانہ بھی موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button