کھیلوں کی دنیا

راولپنڈی ٹیسٹ: بنگلہ دیش کی پاکستان کیخلاف پہلی اننگز میں 117رنر کی برتری، مشفق الرحیم کی شاندار سنچری

راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے مشفق الرحیم کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 117 رنز کی برتری حاصل کر لی ، بنگلہ دیشی ٹیم ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی پہلی اننگز 448 رنز کے جواب میں 565 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، مشفق الرحیم نے 191 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ، مہدی حسن میراز نے 77 رنز بنائے ، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے تین جبکہ خرم شہزاد ، محمد علی اور شاہین آفریدی نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ۔ پاکستان نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان 23 رنز بنا لیے ، عبداللہ شفیق 12 اور کپتان شان مسعود 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ،

واحد وکٹ شریف الاسلام نے حاصل کی ۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 316 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو مشفق الرحیم 55 اور لٹن داس 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ، لٹن داس اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 4 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ اس موقع پر مشفق الرحیم کا ساتھ دینے کے لیے مہدی حسن میراز آئے اور دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ میں 196 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے پاکستان کی ناصرف سبقت کو ختم کیا بلکہ اپنی ٹیم کے لیے برتری بھی حاصل کر لی، مشفق الرحیم نے پاکستانی باؤلرز کو بڑے اعتماد سے کھیلتے ہوئے گرائونڈ کے چاروں طرف دلکش سٹروک کھیلے ۔

انہوں نے کیریئر کی 11 ویں سنچری مکمل کی اور 191 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر محمد علی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 22 چوکے شامل تھے ، مہدی حسن میراز نے مشفق الرحیم کا بھرپور ساتھ دیا اور 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر شاہین آفریدی کی گیند پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اختتامی بیٹرز میں شریف الاسلام 22 اور حسن محمود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ، اس طرح بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 117 رنز کی برتری کے ساتھ 565 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے تین، شاہین آفریدی، خرم شہزاد اور محمد علی نے دو ، دو جبکہ صائم ایوب نے ایک وکٹ لی۔ پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور صائم ایوب ایک رن بنانے کے بعد شریف الاسلام کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، پاکستان نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 23 رنز بنا لیے ، عبداللہ شفیق 12 اور شان مسعود 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 94 رنز درکار ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button