پاکستان آئین کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں زندگی کے ہر شعبے میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کا اقلیتوں کے دن کے حوالہ سے تقریب سے خطاب
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان آئین کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں زندگی کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار اقلیتوں کے دن کے حوالہ سے پیر کو یہاں ایوان صدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ میری آئینی ذمہ داری ہے جس کا میں نے حلف لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر اقلیتوں کے دن کو منانے کا مقصد پاکستان میں بسنے والی مختلف مذہبی اقلیتی برادریوں کے افراد کی گرانقدر خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ قومی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کی مساوی شہری ہیں، انہیں بھی ترقی کا اتنا ہی حق ہے جتنا دیگر شہریوں کو حاصل ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم کی تعلیمات پر مکمل عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے جس کا مقصد معاشرے میں اتحاد، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینا ہے۔ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب میں اراکین پارلیمنٹ، علمائے کرام، مذہبی رہنمائوں، سفارتی کور کے اراکین، میڈیا اور مختلف اقلیتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بھارت کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ”مودی کا بھارت اقلیتوں کے لیے غیر محفوظ ہے“، قائداعظم کی بصیرت آمیز شخصیت نے قیام پاکستان سے قبل ان حالات کا اندازہ لگا لیا تھا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ انسانیت کے دکھ اور معاشرے کے کمزور طبقات کے درد کو محسوس کیا اور یہاں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مناسب احترام اور مقام دیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے سندھ کے مشہور صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کا ایک شعر بھی سنایا۔ صدر نے اقلیتوں کے لیے مختلف سرکاری محکموں میں میرٹ کی بنیاد پر ملازمتوں کے مواقع بڑھانے کے علاوہ موجودہ ملازمتوں کے کوٹہ میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تحریک پاکستان کے واقعات کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد نے تحریک پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ صدر مملکت نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ظالمانہ اور اندھا دھند حملے تمام فلسطینیوں اور مختلف مذاہب کے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور وہ پیار، رواداری، امن اور بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انہیں اس پیغام کو پوری دنیا میں پھیلانا چاہیے۔ مختلف آئینی آرٹیکلز کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کی دفعات کے تحت اقلیتوں کو ان کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے، اس کے علاوہ اسلامی تعلیمات میں بھی ایسے حقوق پر زور دیا گیا ہے۔
آرچ بشپ راولپنڈی اور اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد، ہندو برادری کے نمائندے ہارون سرب دیال، سکھ برادری کے نمائندے سردار گرپال سنگھ، بہائی برادری کی نمائندہ ڈاکٹر سیما فرزاد اور رکن قومی اسمبلی اور پارسی برادری کے نمائندے اسفند یار ایم بھانڈا نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے اقلیتوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں زندگی کے تمام شعبوں میں یکساں ترقی کے مواقع حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کی اپنی تاریخی تقریر میں تمام مذہبی اقلیتوں کے لئے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کا عزم کیا تھا۔ مقررین نے قومی سطح پر اقلیتوں کے دن کو منانے اور حال ہی میں کرسچن میرج ایکٹ پر صدر مملکت کی طرف سے دستخط کرنے پر صدر سے اظہار تشکر کیا۔