ٹاپ نیوز

10 لاکھ طلباء کو ٹیبلٹس اور سمارٹ فونز دیں گے، ہواوے کے تعاون سے 3 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت، ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو سکالرشپ پر چین بھیجا جائے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو وسائل مہیا کرنے سے ملکی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو گا، 10 لاکھ طلباء کو ٹیبلٹس اور سمارٹ فونز دیں گے، ہواوے کے تعاون سے 3 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دی جائے گی، ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو سکالرشپ پر چین بھیجا جائے گا، پاکستان کی اقتصادی بحالی اور ترقی و خوشحالی کے منصوبے کا جلد اعلان کروں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے دولت مشترکہ ایشیاء یوتھ الائنس کے سیکرٹریٹ، ڈیجیٹل لرننگ پورٹل، گرین یوتھ موومنٹ، اے آئی فار یوتھ اور قومی رضاکار کور کے اجراء کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم نوجوانوں کا عالمی دن منا رہے ہیں، یوم آزادی کی بھی آمد آمد ہے، اﷲ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا موقع دیا، اپنے لیڈر نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کی، ماضی میں صوبہ پنجاب کے نوجوانوں کی خدمت کی، اب پورے پاکستان کے نوجوانوں کا خادم بن کر خدمت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں، ان نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے، مصنوعی ذہانت دنیا میں سب سے جدید تعلیم کا ہتھیار ہے، چین دنیا کا دوسرا بڑا ترقی یافتہ ملک ہے، انہوں نے جدید علوم کے ذریعے ملک میں انقلاب برپا کیا، اگر ہم اسی راستے پر نوجوان نسل کو وسائل فراہم کریں تو ملک میں نوجوان نسل خوشحالی کا ایسا انقلاب لائے گی جس سے یوم آزادی کے تقاضے پورے ہوں گے، ہمارے اسلاف نے پاکستان کیلئے عظیم قربانیاں دیں، قائداعظم محمد علی جناح کی عظیم لیڈرشپ میں اس خواب کی تعبیر ملی اور اب ان نوجوانوں نے اس کی تکمیل کرنی ہے، نوجوانوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں میں پسماندہ علاقوں کے بچوں نے تعلیم حاصل کی، پاکستان کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں، 77 سال میں قرضوں کے پہاڑ بن گئے، امیر اور غریب کی زندگیوں میں بڑا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مصمم ارادے اور محنت سے آگے بڑھنا ہو گا، یہ نوجوان وسائل ملنے پر ملک کو عظیم بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے 10 لاکھ طالب علموں کو میرٹ اور شفافیت پر مفت سمارٹ فون دیئے جائیں گے اور اس کے علاوہ لیپ ٹاپ بھی دیئے جائیں گے، صوبے بھی نوجوانوں کیلئے پروگرام چلا رہے ہیں، ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو اعلیٰ تعلیم کیلئے چین بھیجا جائے گا، ان کا جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرنا ملکی ترقی کیلئے مددگار ہو گا، ہواوے کے ساتھ مل کر 3 لاکھ بچوں کو آئی ٹی کی تربیت دی جائے گی، ایس ایم ایز کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے، پاکستان کی اقتصادی بحالی اور ترقی و خوشحالی کے منصوبے کا جلد اعلان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرکے آگے بڑھنا ہے اور ملک کی تقدید بدلنا ہے، ہماری محنت کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، ارشد ندیم نے پاکستان کا نام بلند کیا، 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ ملا، مایوسی کو پس

پشت ڈال کر روشنیوں کی طرف جانا ہے، شبانہ روز محنت سے پاکستان عظیم بنے گا۔ تقریب کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف آن لائن رجسٹریشن کرا کر قومی رضاکار کور کے رکن بن گئے، وزیراعظم کو قومی رضاکار کور کا بیج بھی لگایا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے قومی رضاکار کور کیلئے لوگو ڈایزئن کرنے والی اقصیٰ کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعظم نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں میں یوتھ ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ آج نوجوانوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، پاکستان عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں معرض وجود میں آیا، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، دنیا کے بہت سے ملک ہم سے پیچھے تھے اب آگے نکل گئے، ان ملکوں نے ترقی کی جہاں سیاسی استحکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم محنتی، ذہین اور ایماندار ہے، ملکی ترقی کیلئے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، نوجوانوں کو ارشد ندیم کی زندگی سے سبق سیکھنا چاہئے، ارشد ندیم نے اپنی غربت کو پائوں کی زنجیر نہیں بننے دیا، نوجوانوں سے کہوں گا کہ جھوٹی خبروں پر توجہ نہ دیں۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ آج تجدید عہد اور عزم کا دن ہے، آج کا دن نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم دینے کا دن ہے، نوجوان ملکی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہتے ہیں، پاکستان اور نوجوانوں کا راستہ روکنے کی کوششیں ہوتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے، وزیراعظم پنجاب کے بعد ملک بھر کے نوجوانوں کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہمارا عزم پاکستان کو مستحکم اور خوشحال بنانے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل کی جدید ترین تربیت دیں گے اور ان میں لیپ ٹاپ تقسیم کر رہے ہیں، شہباز شریف ہمارے رول ماڈل ہیں، وہ دن رات ملک کیلئے کام کرتے ہیں، میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔ اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے کپتان شکیل بٹ اور دانش سکول سے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء نے وزیراعظم کے وژن کو سراہا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button