قومی

محسن نقوی کا وفاقی دارالحکومت کے تھانوں کو سمارٹ پولیس سٹیشن کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا حکم

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی دارالحکومت کے تھانوں کو سمارٹ پولیس سٹیشن کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ روایتی تھانے خوف کی علامت بن چکے ہیں، سائل تھانے آنے سے پہلے کئی بار سوچتا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد کے تھانوں کی اپ گریڈیشن پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے وفاقی دارالحکومت کے تھانوں کو سمارٹ پولیس سٹیشن کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ روایتی تھانے خوف کی علامت بن چکے ہیں، سائل تھانے آنے سے پہلے کئی بار سوچتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ خود بھی تھانوں کے دورے کرچکا ہوں جو حالت زار دیکھی ہے وہ نا قابل بیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کا چہرہ ہے ، اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لئے بلاتاخیر سمارٹ پولیسنگ کی طرف جانا ہے، سمارٹ پولیس سٹیشن کے لئے ہر ممکن وسائل دیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ خوش اخلاق و تعلیم یافتہ پولیس افسران کو سمارٹ پولیس سٹیشن میں تعینات کیا جائے گا، مرحلہ وار پروگرام کے تحت تھانوں کو اپ گریڈ کرکے سمارٹ پولیس سٹیشن میں تبدیل کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے پلان پر جلد عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپ گریڈیشن کے لئے کم لاگت کے ساتھ معیاری ڈیزائن تیار کیا جائے ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے دیگر عمارتوں میں قائم تھانوں کے لئے اراضی کی نشاندہی کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں بھرتی کے لیے میرٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ہر لحاظ سے فٹ، تعلیم یافتہ اور میرٹ پر پورا اترنے والے نوجوانوں کو بھرتی کیا جائیگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کے سائلین کے ساتھ روئیے میں بھی مثبت تبدیلی ضروری ہے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈی آئی جی آپریشنز اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button