قومی

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کا دوسرا اجلاس

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کا دوسرا اجلاس کمیٹی روم نمبر 2 پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کمیٹی نے ملک کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے اسٹریٹجک اقدامات تجویز کیے۔

تبدیلی لانے والے اقدامات اور تنقیدی جائزوں پر مشتمل ایک جامع ایجنڈے کے ساتھ، کمیٹی نے تمام شہریوں کے لئے صحت مند مستقبل کی تعمیر کے لئے ایک نئے عزم پر زور دیا۔ سیکرٹری وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن نے اس کے افعال اور منسلک محکموں کا جامع جائزہ پیش کیا۔ قائمہ کمیٹی اور وزارت دونوں نے قومی صحت کی خدمات کو بڑھانے میں کمیٹی کے اہم کردار کو تسلیم کیا اور باہمی تعاون پر زور دیا۔

بریفنگ کے دوران وزارت نے ملک بھر میں صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے جاری اور نئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ کمیٹی نے انسانی وسائل کی کمی، ڈیوٹی کے اوقات میں ڈاکٹروں کی غیر موجودگی اور سرکاری ہسپتالوں میں طبی آلات کی کمی کا سخت نوٹس لیا۔ کمیٹی نے تمام شہریوں کے لئے صحت کی دیکھ بھال تک مساوی رسائی کی سفارش کرتے ہوئے صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں خامیوں اور غیر معیاری حالات کی بھی نشاندہی کی۔

کمیٹی نے پاکستان نرسنگ کونسل کی کارکردگی میں تضادات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری بہتری پر زور دیا۔ کمیٹی نے قومی تعلیمی نصاب میں حساسیت اور آگاہی کے پروگراموں کو ضم کرنے کی تجویز دی۔ اس اقدام کا مقصد نوجوان نسل کو بیماری کی روک تھام کے بارے میں ابتدائی طور پر آگاہ کرنا اور صحت مند مستقبل کو فروغ دینا ہے۔ کمیٹی نے نگرانی اور وسائل کی تقسیم کو بڑھانے کے لئے صحت کے اعداد و شمار کے انتظام کا ایک مضبوط نظام قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔ کمیٹی نے وزارت کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی کے اوقات میں ڈاکٹروں اور تربیت یافتہ نرسنگ اسٹاف کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور وفاقی سطح پر صحت سہولت پروگرام کو بحال کیا جائے۔

کمیٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ اقدامات پاکستان میں صحت کی خدمات کے مجموعی معیار اور رسائی کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہیں۔اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد نواز، زہرہ ودود فاطمی، فرح ناز اکبر، ڈاکٹر شائستہ خان، ڈاکٹر درشن، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو، سبین غوری، گل اصغر خان، فرخ خان، ڈاکٹر امجد علی خان، شہرام خان، ایم شبیر علی قریشی اور عالیہ کامران سمیت وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرت کے علاوہ وزارت کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button