قومی

وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے ساتھ جامع بات چیت

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو یہاں دفتر خارجہ میں جمہوریہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے ساتھ جامع بات چیت کی جو اپنے پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر اسلام آباد کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے مستقبل قریب میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان۔ترکیہ اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے آئندہ 7 ویں اجلاس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور مستقل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے شمالی قبرص کے عوام کے جائز حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ بیان کے مطابق دونوں وزراءنے علاقائی اور عالمی پیش رفت بالخصوص غزہ میں جاری نسل کشی اور سنگین انسانی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور محصور فلسطینی عوام کے لیے فوری انسانی امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ناگزیریت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اسے جامع انداز میں حل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ بیان کے مطابق پاکستان اور ترکیہ تاریخ، ثقافت اور مذہب سے جڑے دوستی اور بھائی چارے کے خصوصی بندھن سے جڑے ہوئے ہیں جبکہ باقاعدگی سے بات چیت اور اعلیٰ سطح کے دوروں کا تبادلہ پاکستان اور ترکی کے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی پہچان ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button