کھیلوں کی دنیا

چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کاکراچی میں آغاز، افتتاحی میچ محمد شفیق کمال نے جیت لیا

سولہویں چیف آف دی نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کا روشن خان جہانگیر خان سکواش کمپلیکس کراچی میں آغاز ہوگیا۔ افتتاحی میچ میں محمد شفیق کمال نے حازم حشام کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل محمد سلیم نے چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ چیمپئن شپ کے دوران 24کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے جن میں آسٹریا، جمہوریہ چیک، ہالینڈ، مصر، برطانیہ، ہانگ کانگ اور ملائیشیا کے 19بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر کموڈور توقیر احمد خواجہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں حاضرین کو آگاہ کیا کہ پاک بحریہ گزشتہ دو دہائیوں سے چیف آف دی نیول سٹاف اوپن سکواش چیمپئن شپ کا انعقاد کر رہی ہے۔ چیمپئن شپ کے دوران کل 23میچز کھیلے جائیں گے جن میں 4کوارٹر فائنلز، 2سیمی فائنلز اور 12مئی 2024کو گرینڈ فائنل شامل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ چیمپئن شپ کھیلوں کے فروغ میں باالعموم اور سکواش کے فروغ میں باالخصوص مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس میگا ایونٹ میں کھلاڑیوں کے جذبے کو سراہا اور آفیشلز اور سپانسرز کے تعاون اور تقریب میں موجودگی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اس سال چیف آف دی نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ میں 4نئے ایونٹس شامل ہوں گے جن میں خواتین، انڈر 13بوائز،انڈر15بوائز اور انڈر 15گرلز کی کیٹیگریز شامل ہیں۔

یہ ٹورنامنٹ پروفیشنل سکواش سرکٹ کی بین الاقوامی گورننگ باڈی، پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہے۔اس ٹورنامنٹ میں انعامی رقم 20ہزار امریکی ڈالر ہے۔ دیگر کیٹیگریزبشمول رقم ویمن سیٹلائٹ سیریز، جونیئر بوائز انڈر 13 اورجونیئر بوائز انڈر 15 کے لئے ایک ایک لاکھ روپے انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ افتتاحی تقریب میں سول اور عسکری حکام، اسپانسرز اور اسکواش کے سینئر کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button