ایران کی جانب سے دو کنٹینر جہازوں کی ضبطی جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں ، وائٹ ہائوس

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی جانب سے دو کنٹینر جہازوں کی ضبطی کو جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں سمجھتے، کیونکہ یہ جہاز نہ تو امریکی تھے اور نہ ہی اسرائیلی۔اردو نیوز کے مطابق یہ بات وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے فوکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئےکہی۔اس سوال کے جواب میں کہ آیا صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسے اس جنگ بندی کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں، جس کے تحت ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی کارروائیاں معطل تھیں، انہوں نے کہا کہ یہ ایرانی اقدام جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں، کیونکہ یہ امریکی یا اسرائیلی بحری جہاز نہیں بلکہ دوبین الاقوامی جہاز تھے۔دوسری جانب صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایرانی امن تجویز کے لیے کوئی ڈیڈ لائن مقرر نہیں کی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے امن تجویز پیش کرنے کے لیے کوئی حتمی وقت مقرر نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ صدر نے ایرانی تجویز موصول ہونے کے لیے کوئی واضح ڈیڈ لائن مقرر نہیں کی۔ اس حوالے سے خبریں درست نہیں ہے۔ بالآخر ٹائم لائن کا تعین کمانڈر اِن چیف ہی کریں گے۔ بدھ کو ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کہا تھا کہ اس کی بحری افواج نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو جہازوں کی شناخت کے بعد انہیں قبضے میں لے کر ایرانی ساحل کی جانب منتقل کر دیا ہے۔ برطانیہ میں قائم میری ٹائم سکیورٹی مانیٹرز نے تصدیق کی کہ تین تجارتی جہازوں نے آبنائے ہرمز میں گن بوٹس کے ساتھ مدبھیڑ کی اطلاع دی ہے۔



