قومی

چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کا زیرِ تعمیر مختلف منصوبوں کا تفصیلی دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا

اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لئے چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے لیفٹیننٹ(ر) سہیل اشرف نے زیرِ تعمیر نیشنل پولیس اکیڈمی بلڈنگ، ایلیٹ پولیس سکول اور اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کی توسیع کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے نیشنل پولیس اکیڈمی منصوبے میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا جبکہ متعلقہ حکام نے منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکیڈمی کے تمام حصوں پر بیک وقت تیزی سے کام جاری ہے اور زیرِ تعمیر عمارت تقریباً 9منزلوں پر مشتمل ہے جس کی تمام منزلوں کا تعمیراتی کام تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ تعمیر کے ساتھ ساتھ فنشنگ کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔حکام کے مطابق اکیڈمی میں زیرِ تربیت اہلکاروں کے لئے جدید تربیتی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ پولیس فورس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے باقی ماندہ کام جلد از جلد مکمل کئے جائیں اور تعمیراتی و فنشنگ کے تمام مراحل میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اکیڈمی میں جدید اور معیاری تربیتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کی توسیع اور ایلیٹ پولیس سکول کا بھی دورہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیف سٹی منصوبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جبکہ ایلیٹ پولیس سکول میں تربیت کے لئے ریپلنگ ٹاورز اور دیگر رکاوٹی مشقوں (ابسٹکلز) کی تعمیر جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ان منصوبوں کے دوران بھی تعمیراتی معیار کو برقرار رکھنے اور کام کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button