اُڑان پاکستان دراصل ای پاکستان وژن کا ایک اہم حصہ ہے،وفاقی وزیر آئی ٹی

وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزافاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ اُڑان پاکستان دراصل ای-پاکستان وژن کا ایک اہم حصہ ہے،جس کے ذریعے ملک کو مکمل طور پر ڈیجیٹل معیشت کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔پاکستان فورم 2026 کے موقع میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیش لیس اکانومی وزیر اعظم شہباز شریف کا بنیادی وژن ہے اور حکومت تیزی سے ڈیجیٹل پاکستان کی منزل کی طرف گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کیش لیس رمضان بازار کا کامیاب افتتاح کیا گیاجو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کی جانب اہم قدم تھا۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نے انسانی زندگی میں بے پناہ آسانیاں پیدا کر دی ہیں اور موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے 10 لاکھ بچوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا عزم کیا ہےجبکہ آئی ٹی سیکٹر میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ نوجوان نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔



