ویمنز ایشین کپ 2026، آسٹریلیا کا ہوم گراؤنڈ کے لئے مضبوط سکواڈ کا اعلان

فٹ بال آسٹریلیا (ایف اے)نے ویمنز ایشین کپ 2026 کےلئے 26 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت سٹار کھلاڑی ثام کیر کریں گی۔ شنہوا کے مطابق ثام کیر کے لئے یہ پانچواں ایشین کپ ہوگا جبکہ سٹیف کیٹلی اور ایلی کارپینٹر کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ہیڈ کوچ جو مونٹیمورو نے سکواڈ میں 8 ایسے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا ہے جو پہلی بار اس بڑے براعظمی ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔سکواڈ کی خاص بات فارورڈ میری فاؤلر کی واپسی ہے جو اپریل 2025 میں گھٹنے کی شدید انجری کا شکار ہونے کے بعد پہلی بار میٹیلڈاس سیٹ اپ کا حصہ بنی ہیں۔
ہیڈ کوچ جو مونٹیمورو، جنہوں نے جون 2025 میں ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، ان کے لیے یہ پہلا بڑا امتحان ہوگا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیم پوری طرح پرعزم ہے اور وہ ہوم کراؤڈ کے سامنے ملک کا نام روشن کرنے کے لئے بے تاب ہے۔آسٹریلیا اپنی ایشین کپ مہم کا آغاز یکم مارچ کو پرتھ میں فلپائن کے خلاف میچ سے کرے گا، جس کے بعد گروپ مرحلے کے بقیہ میچز گولڈ کوسٹ اور سڈنی میں کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا 2010میں ایشین کپ جیت چکا ہے جبکہ تین بار رنر اپ رہا ہے، اور اس بار وہ اپنی سرزمین پر دوسری بار ٹائٹل جیتنے کا مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔



