کھیلوں کی دنیا

میلان ونٹر اولمپکس2026، آئس ہاکی کے کانٹے دار مقابلے، کینیڈا، امریکا اور فن لینڈ سیمی فائنل میں داخل

میلان کورٹینا ونٹر اولمپکس 2026کے مینز آئس ہاکی ایونٹ میں کانٹے دار مقابلوں کے بعد کینیڈا ،امریکا اور دفاعی چیمپئن فن لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔شنہوا کے مطابق چار میں سے تین کوارٹر فائنل مقابلوں کا فیصلہ اوور ٹائم میں ہوا۔ کینیڈا نے جمہوریہ چیک کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی، کینیڈا کے مچ مارنر نے اوور ٹائم شروع ہونے کے محض 82 سیکنڈ بعد فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا، کینیڈا اب 21ویں صدی کے چوتھے اولمپک گولڈ میڈل کی تلاش میں ہے۔

دوسری جانب دفاعی چیمپئن فن لینڈ نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف دو گول کے خسارے میں ہونے کے باوجود شاندار واپسی کی اور میچ کے آخری لمحات میں مقابلہ برابر کرنے کے بعد اوور ٹائم میں آرٹوری لہکونین کے گول کی بدولت 2-3 سے فتح سمیٹی۔ اسی طرح امریکا اور سویڈن کے درمیان ہونے والا مقابلہ بھی مقررہ وقت تک ایک ایک گول سے برابر رہا، تاہم امریکا کے کوئن ہیوز نے اوور ٹائم میں گول کر کے امریکا کو 1-2 سے جیت دلا دی۔ دن کے پہلے کوارٹر فائنل میں سلوواکیہ نے جرمنی کو 2-6 کے واضح فرق سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز کل ( جمعہ کو )کھیلے جائیں گے جہاں کینیڈا کا مقابلہ دفاعی چیمپئن فن لینڈ سے ہوگا جبکہ امریکاکی ٹیم سلوواکیہ کے مدمقابل آئے گی۔ شائقین کو توقع ہے کہ سیمی فائنلز میں بھی اسی طرح کے سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے کیونکہ تمام ٹیمیں میڈل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے بھرپور فارم میں نظر آ رہی ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button