وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے ملاقات،پاکستانیوں کو ویزے میں مشکلات بارے آگاہ کیا

وفاقی وزیرداخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی )محسن نقوی نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے ملاقات کی جس دوران پاکستانیوں کو ویزے میں مشکلات بارے آگاہ کیا، وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین اور پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ فہیم العزیزبھی اس موقع پر موجود تھے۔سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے وزیر داخلہ کے کہنے پر نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر پاکستانیوں کو تمام لسٹوں سے نکالنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی وزیراعظم بہت جلد پاکستان کے دورے پر بھیج رہے ہیں۔دونوں رہنمائوں نے ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور فورسز کی مشترکہ ٹریننگ کے امور بارے بھی تبادلہ خیال کیا۔محسن نقوی نے پاک سری لنکا تعلقات کے فروغ کے لیے سری لنکن صدر کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کو پاکستان کا دورہ کرنے کا دعوت نامہ پہنچایا۔
محسن نقوی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے شاندار انتظامات اور پاکستانی وفد کی میزبانی پر سری لنکن صدر کا شکریہ ادا کیا ۔سری لنکن صدر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کولمبو میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے خیر سگالی کے جذبے کو سراہا۔



