قومی

پاکستان کی مادری زبانوں کا ادبی میلہ رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ،وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کی بطور مہمان خصوصی شرکت

انڈس کلچرل فورم کے زیراہتمام اورپاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے تعاون سے تین روزہ پاکستان کی مادری زبانوں کا ادبی میلہ رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ میلے نے پاکستان کے بھرپور لسانی تنوع کو منانے کیلئے سکالرز، مصنفین، پالیسی سازوں، فنکاروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو اکٹھا کیا۔ وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے بطور مہمان خصوصی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نے کہا کہ تمام پاکستانی زبانیں قومی زبان ہیں، اگر کوئی زبان ایک پاکستانی بولے تو بھی وہ پاکستان کی قومی زبان ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام زبانوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جانا چاہئے چاہے وہ کتنے بھی لوگ بولتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی ثقافتی اداروں کا دائرہ کار تمام صوبوں تک پھیلانے کیلئے پرعزم ہیں تاکہ مختلف زبانوں کے درمیان مکالمے اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ پاکستان کی اصل شناخت کی نمائندگی کرتا ہے، جس کے لئے میں انڈس کلچرل فورم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میلے کے آخری دن کا مرکزی موضوع مکالمے سے بڑھ کر عملی اقدامات پر گفتگو پر مبنی تھا۔ مباحثوں میں اس نتیجے میں پہنچنے کی کوشش کی گئی کہ کس طرح سرکاری ادارے، یونیورسٹیاں اور کمیونٹی تنظیمیں گورننس، تعلیم، تحقیق اور عوامی آگاہی میں مادری زبانوں کے استعمال کو مضبوط بنا سکتی ہیں۔

مقررین نے زور دیا کہ ریاستی پالیسی میں تبدیلی کی ضرورت ہے جس میں یکسانیت کی بجائے یکجہتی پر توجہ دی جائے جو کہ تنوع کو تسلیم کرنے سے ہی ممکن ہے۔ اس دن کے اہم مقررین میں رکن خیبرپختونخوا اسمبلی نثار باز خان، سابق وفاقی وزیر اور ممتاز ادیب مدد علی سندھی، سکالر ڈاکٹر خادم حسین، سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر ڈاکٹر رضا بھٹی، ڈاکٹر مداد علی شاہ، ملیحہ ستار، ڈاکٹر اسحاق سمیجو، حمزہ اعجاز اور دیگر شامل تھے۔ تیسرے دن کی پہلی نشست ”عوامی آگاہی کیلئے مادری زبانوں کا استعمال” میں قانونی خواندگی، زرعی توسیع اور شہری رابطے میں علاقائی زبانوں بشمول سندھی، پشتو اور بلوچی میں کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ جب کمیونٹیز کو ان کی مادری زبانوں میں مخاطب کیا جائے تو عوامی خدمات کی فراہمی زیادہ موثر ہو جاتی ہے۔پاکستان کی لسانی پالیسی اور سیاست کی نشست میں ماہرین نے آئینی دفعات اور تعلیمی فریم ورک کا جائزہ لیا، پالیسی سازوں پر زور دیا کہ وہ کثیر لسانی کو قومی طاقت سمجھیں۔ مقررین نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ ملک کی تمام زبانوں کی حیثیت کا تعین کرنے کے لیے ایک لینگویج کمیشن بنایا جائے جس میں پاکستان کی صدیوں پرانی مقامی زبانوں کو تسلیم کرنے پر توجہ دی جائے۔ ایک اہم بات لسانی تحقیق اور خطرے سے دوچار زبانوں کی بحالی پر سیشن تھی۔ اسکالرز نے سندھی سماجی لسانیات، کھوار زبانی روایات، گواربتی دستاویزی، کوہستانی بیان بازی، پہاڑی اور پوٹھوہاری ادب، سرائیکی ادبی تاریخ، اور براہوی سکالرشپ پر کام پیش کیا۔

بحث نے دستاویزات، ترجمہ، اور ڈیجیٹل آرکائیونگ کو فوری ترجیحات کے طور پر اجاگر کیا۔ ایک اور سیشن ”لوک ادب اور موسمیاتی تبدیلی” نے اس بات کا جائزہ لگایا کہ کس طرح مقامی کہانی سنانے اور موسیقی ماحولیاتی بیداری کو فروغ دے سکتی ہے، جو عصری چیلنجوں سے نمٹنے میں روایتی علمی نظام کی مسلسل مطابقت کو ظاہر کرتی ہے۔ سندھی لینگویج اتھارٹی اور پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز کے نمائندوں نے ثقافتی اداروں کی ذمہ داری پر زور دیا کہ وہ علاقائی زبانوں کی اشاعت، تحقیق اور فروغ میں معاونت کریں۔ سندھی لینگویج اتھارٹی کے ڈاکٹر شیر مہرانی اور پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز کی ڈاکٹر بی بی امینہ نے اپنے اپنے اداروں کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ لوک ادب کے تخلیق کاروں اور کیوریٹر کے طور پر خواتین پر ایک پینل نے لوک روایات کے تحفظ اور ثقافتی یاد کو نسلوں تک منتقل کرنے میں خواتین کے مرکزی کردار کو اجاگر کیا۔

مقررین نے اس بات پر توجہ مرکوز کی کہ کس طرح خواتین بحیثیت ماں بچوں میں ابتدائی عمر سے ہی لوک حکمت پیدا کرنا شروع کر دیتی ہیں۔ مادری زبان پر مبنی تعلیم میں اختراعی کوششیں کے موضوع پر ایک اور سیشن میں کمیونٹی سے چلنے والے اور ادارہ جاتی ماڈلز کی نمائش کی گئی جس کا مقصد کثیر لسانی نصاب کے ذریعے سیکھنے کے نتائج کو بہتر بنانا تھا۔ مقررین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مادری زبانوں میں تعلیم فہم کو بڑھاتی ہے اور شناخت کو مضبوط کرتی ہے۔ احمد سلیم اسٹڈی سرکل میں ادبی شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا جن میں شیخ ایاز اور فہمیدہ ریاض، مبارک قاضی اور سید ظہور ہاشمی کے پاکستان کے کثیر لسانی ادبی منظر نامے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انڈس کلچرل فورم کے چیئرمین نصیر میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ لسانی تنوع کا جشن منانا معاشرے میں بڑھتی ہوئی گھٹن کے خلاف سخت ردعمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب زبانوں کو درپیش چیلنجز سے آگاہ ہیں لیکن ان کی بقا کا انحصار صرف حکومت پر نہیں بلکہ زبانیں بولنے والوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ میلے کا اختتام پاکستان کی متنوع لسانی روایات کو منانے والی موسیقی کی شام کے ساتھ ہوا۔

اس فیسٹیول کو سندھ کے محکمہ ثقافت، ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان، یونیسکو، سندھی لینگویج اتھارٹی، بلوچستان کلچر ڈیپارٹمنٹ، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر، شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، شہید بینظیر آباد، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، پاکستان سائنس فانڈیشن، پاکستان سائنس فانڈیشن، سمیت معروف تعلیمی، ثقافتی اور ترقیاتی اداروں نے تعاون فراہم کیا۔ SZABIST اسلام آباد، سوسائٹی فار الٹرنیٹ میڈیا اینڈ ریسرچ، اور دیگر دارے شامل ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button