مدینہ منورہ آنے والے زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ
مدینہ منورہ میں گزشتہ برس آنے والے زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔عاجل نیوز کے مطابق مدینہ منورہ کی ترقیاتی کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے سیاحت کو فروغ دینے کے جامع منصوبوں پرعمل کیا گیا جس کے شاندار نتائج برآمد ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس مدینہ منورہ آنے والے سیاحوں نے 49.7 ارب ریال خرچ کیے۔شہر مقدس میں آنے والے سیاحوں کے قیام کی مدت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو اوسطاً 10 دن ہے جس سے سیاحتی امور میں بھی کافی بہتری آئی۔رواں برس 2024 میں بھی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کی بکنگ میں بھی نمایاں تیزی آئی۔قبل ازیں سیاحت کے فروغ کے لیے سیاحتی کمیٹی کی جانب سے مملکت کے ویژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے ’وزٹ مدینہ منورہ‘ مہم شروع کی گئی تھی جس کا مقصد مدینہ منورہ میں تاریخی مقامات کے بارے میں سیاحوں اور زائرین کو متعارف کرانا تھا۔