پاکستانی ٹیم کا پہلے بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ ، 2 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے جیت لئے
فلپائن میں منعقد ہونے والے پہلے بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈمیں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے دو چاندی اور دو کانسی کے تمغے جیت لئے۔ تفصیلات کے مطابق صدیق پبلک سکول اسلام آباد کے سلیمان نعمان اور لاہور گرائمر اسکول کے سبحان کاشف نے سلور میڈل حاصل کئے جبکہ کراچی گرامر سکول کے احسان اعوان اور صدیق پبلک سکول راولپنڈی کے قاسم سلام نے کانسی کے تمغے جیتے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کی اعلیٰ ترین انجینئرنگ یونیورسٹی نے سخت ٹیسٹوں اور جانچ پڑتال کے بعد ملک بھر سے طلباء کا انتخاب کیا۔
اس کے بعد انہیں پیاس میں ان کے سرپرستوں ڈاکٹر سجاد طاہر پیاس اور ڈاکٹر محمد مقصود پی اے ای سی کے ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ سے تربیت دی گئی اور مذکورہ اولمپیاڈ میں شرکت کے لئے تیار کیا گیا۔ یکم سے 6 اگست 2024 تک کلارک، فلپائن میں منعقد ہونے والا INSO-2024 انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ذریعے سپانسر کیا گیا۔