پاکستان شاہینز اور انگلینڈ لائنز کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل 50اوورز کی سیریزکل ابوظبی میں شروع ہو گی

پاکستان شاہینز اور انگلینڈ لائنز کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل 50اوورز کی سیریز جمعہ 27فروری سے ابوظہبی میں شروع ہو رہی ہے۔ سیریز کے تمام میچز سٹیڈیم اوول، ابوظبی میں کھیلے جائیں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان حال ہی میں کھیلی گئی تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہینز کو تین صفر سے شکست دی تھی۔ون ڈے سیریز پاکستان میں ٹین سپورٹس پر براہِ راست نشر کی جائے گی جبکہ مائیکو ایپ پر میچز کی لائیو اسٹریمنگ دستیاب ہوگی۔
برطانیہ میں میچز پی سی بی کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دکھائے جائیں گے جبکہ بنگلہ دیش میں ٹی اسپورٹس پر نشر کیے جائیں گے۔پاکستان شاہینز کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز میں کھلاڑیوں کے لیے چھوٹے اور واضح اہداف مقرر کیے گئے ہیں تاکہ ہر مرحلہ قابلِ حصول ہو۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں ٹیم بیٹنگ اور بالنگ دونوں شعبوں میں اپنے منصوبوں پر مثر عمل درآمد نہیں کر سکی۔اعجاز احمد جونیئر کے مطابق انگلینڈ لائنز ایک مضبوط ٹیم ہے اور ابوظہبی کا ماحول انٹرنیشنل کرکٹ سے ملتا جلتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی اس سیریز سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں گے۔



