قومی

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ، رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ

آئی جی پنجاب راو عبدالکریم کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ صوبہ بھر کی32 ہزار سے زائد مساجد، 2 ہزار سے زائد امام بارگاہوں اور500 سے زائد اقلیتی عبادت گاہوں کے لیے 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضاکار تعینات ہوں گے۔

صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی پر18 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار اور رضاکار مامور ہوں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تراویح، افطار اور سحری کے اوقات میں تمام مذہبی مقامات کے گرد پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خریداری کیلئے آنے والی خواتین کی حفاظت کیلئے لیڈی پولیس اہلکاروں پر مشتمل خصوصی پٹرولنگ سکواڈ تعینات کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

علاوہ ازیں خصوصی دسترخوانوں، لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشنز اور دیگر عوامی مقامات پر بھی غیر معمولی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر کے تدارک کیلئے سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز سمیت انسدادی اقدامات جاری رکھے جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ سمیت سینئر افسران شریک ہوئے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button