سیکرٹری اطلاعات و نشریات کی جانب سے عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر پیغام

عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر میں شعبۂ نشریات سے وابستہ تمام افسران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ دو بڑے قومی نشریاتی ادارے، ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن، اس وزارت کے زیرِ انتظام اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ان دونوں اداروں نے اپنے قیام سے لے کر آج تک ملک میں عوامی شعور کی بیداری، بروقت معلومات کی فراہمی، ماحولیاتی آگاہی، کھیلوں، ادب اور ثقافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور قومی زندگی کے ہر اہم مرحلے پر قوم کی رہنمائی کی ہے۔
ریڈیو پاکستان کی تاریخ ، 1965ء کے جنگ کے حوالے سے ایک منفرد قومی خدمت سے بھی عبارت ہے۔ اس اہم گھڑی اور بعد ازاں 1971ء کی جنگ کے دوران ریڈیو نے جس ولولہ انگیز انداز میں قوم کا حوصلہ بلند کیا، افواجِ پاکستان کے کارناموں کو اجاگر کیا اور پوری قوم کو ایک لڑی میں پرویا، وہ ہماری نشریاتی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔
انتظامی سطح پر وزارت اطلاعات اس امر کے لیے پُرعزم ہے کہ ریڈیو پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ حال ہی میں ریڈیو پاکستان نے اپنے نظامِ پنشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا دیا ہے ، جو دیگر کارپوریشنز کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال امر ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ مالی نظم و ضبط بھی مزید بہتر ہوا ہے۔
ریڈیو پاکستان کو مالی طور پر مستحکم بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات ماضی میں بھی ریڈیو پاکستان کی مالی معاونت کرتی رہی ہے اور ان شاء اللہ آئندہ بھی مناسب مالی تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ یہ قومی ادارہ اپنے فرائض احسن انداز میں سرانجام دیتا رہے۔
ریڈیو پاکستان نے مالی نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے خود کو اس امر کا اہل ثابت کیا ہے کہ وزارت کی سرپرستی برقرار رہی تو یہ ادارہ ایک مضبوط اور مثالی کارپوریشن کے طور پر مزید ترقی کرے گا۔
ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ انتظامی شفافیت، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید اصلاحات کے ذریعے ریڈیو پاکستان کو ایک فعال، باوقار اور مستحکم قومی ادارہ بنایا جائے گا۔



