لبنانی وزیر اعظم کا اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پرتشویش کا اظہار
لبنان کےوزیر اعظم نجیب میقاتی نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔العریبیہ اردو کے مطابق انہوں نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بندکرنے اور سرحدی علاقوں سے اسرائیلی فوج کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا ۔
نجیب میقاتی نے لبنانی حکومت کے ایک اجلاس کے دوران کہا کہ لبنان مفاہمت کی شرائط پر قائم ہے جبکہ اسرائیل خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے ، یہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ان کے جنوبی لبنان کے دورے کے دوران اندازہ ہوا کہ جنوبی علاقوں میں لوگوں کی اپنے گھروں کو واپسی کے لیے استحکام اور امن کی اشد ضرورت ہے۔
اجلاس میں لبنانی فوج کے کمانڈر جنرل جوزف عون اور جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی نگرانی کرنے والی تکنیکی کمیٹی کے چیئرمین امریکی جنرل جیسپر جیفرز،کمیٹی کے رکن فرانسیسی جنرل گیلوم پونچن، لبنانی فوج میں جنوبی لیطانی سیکٹر کے بریگیڈیئر جنرل ایڈگر لونڈس اور جنوب میں کام کرنے والی بین الاقوامی افواج کے کمانڈر جنرل ارالڈو لازارو موجود تھے۔
اجلاس کے دوران نجیب میقاتی نے کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل پر جنگ بندی کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔ انہوں نے لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی فوج کے فوری انخلا پر زور دیتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔