مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد، خیبرپختونخو ا حکومت ان کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے،وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا کی مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابرکی شریک ہے۔
کر سمس کے حوالے سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو بحیثیت شہری مساوی حقوق حاصل ہیں، اسلام اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے کا درس اور ہمارا آئین اُنہیں اپنی مذہبی عبادات ، رسومات اور تہواروں کو پوری آزادی سے منانے کی ضمانت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت بھی اسلامی تعلیمات اور ملکی آئین کے تقاضوں کے عین مطابق اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود ، ا ن کی جان و مال اور حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں خصوصاً مسیحی برادری کا بھر پور کردار رہا ہے جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ ملکی و عالمی صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ہر سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت صوبے میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کےلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، ہمارا مقصد ایک پر امن اور خوشحال خیبرپختونخوا ہے جس میں معاشرے کے کمزور طبقات اور اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔