کھیلوں کی دنیا
چیمپئنز ٹرافی: آج شام ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں بڑے فیصلے کا امکان
دبئی: آئی سی سی بورڈ میٹنگ آج شام ہونے کا امکان ہے جس میں شرکت کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دبئی پہنچ گئے ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے بڑے فیصلے کا امکان ہے۔
آئی سی سی کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جے شاہ کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جارہا ہے جب کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی آج علی الصبح کراچی سے دبئی روانہ ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی بورڈ میٹنگ سے قبل کرکٹ کونسل کی براڈ کاسٹرز کے ساتھ میٹنگز بھی جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی اصولی مؤقف پر قائم ہیں اور نئے فارمولے کو مسترد کیا گیا تو پی سی بی سخت اقدام اٹھاسکتا ہے جب کہ بورڈ تنازع کے حل کے لیے قانونی آپشن پر غور کررہا ہے۔