کھیلوں کی دنیا

صدر آصف علی زرداری نے ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز کا ایوارڈ عطاکیا، 10کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس 2024 میں مردوں کے جیولن تھرو میں شاندار کارکردگی کے اعتراف میں اولمپک گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم کو ہلال امتیاز کے اعزاز سے نوازا، انہوں نے ارشد ندیم کیلئے اپنی جانب سے 10کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

صدر مملکت نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں منعقدہ ایک سادہ اور پروقار خصوصی تقریب میں ہلالِ امتیاز کا اعزار عطاکیا۔

تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزرا، اراکین پارلیمنٹ، غیر ملکی سفیروں، مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں، سابق اولمپیئنز و آفیشلز اور سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ارشد ندیم نے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ، سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشاد کیانی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ محمد یاسر پیرزادہ اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا مقام فخر سے بلند کیا ہے، انہوں نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی، مسلسل محنت اور لگن کو سراہا۔ ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو کر کے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ صدر مملکت نے ان کی شاندار کامیابی، محنت اور لگن کو سراہا جس نے نہ صرف پاکستان کو بلند کیا بلکہ ملک بھر کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو بھی متاثر کیا۔

صدر مملکت نے پاکستان میں دیگر کھیلوں خصوصاً سنگلز کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے بچوں کو اسکالر شپ دی جانی چاہیے۔ صدر نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے سندھ حکومت کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کے انڈومنٹ فنڈ میں 250 ملین روپے کا حصہ ڈالنے کا کہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے نوجوانوں کو رکاوٹیں عبور کرنے اور عالمی سطح پر کھیلوں کے میدان میں شناخت بنانے کا حوصلہ دیا ہے، امید ہے کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ہلالِ امتیازکا ایوارڈ دینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر انہوں نے جیولین تھرو ایونٹ کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے عزم کا اظہار کیا، انہوں نے اپنے خاندان اور قوم کی دعائوں اور نیک خواہشات پر شکریہ بھی ادا کیا۔ صدر مملکت نے ارشد ندیم کی کامیابی میں رہنمائی پر کوچ سلمان اقبال بٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button