قومی

آزادی بنیادی حق ہے، ہم اس حق کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیر پر بھارت کے بلاجواز تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کا کوئی جواز نہیں، بھارت نے 5 اگست 2019 کے اقدامات کے تحت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور کشمیری عوام پر ظلم و ستم میں اضافہ کیا، آزادی بنیادی حق ہے، ہم اس حق کے ساتھ کھڑے ہیں اور بلا جواز بھارتی تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، حکومت پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

یہ بات انہوں نے پیر کو وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام کے ہمراہ یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت امور کشمیر نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم چلائی اور ایک عالیشان پروگرام کا انعقاد کیا جس پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے شکر گزارہیں۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے تحت بھارت نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے، بھارت کی طرف سے اس کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی بھی مسلسل خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کا کوئی جواز نہیں۔ حکومت پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی ہمیشہ مذمت کی ہے اور اعادہ کیا ہے کہ نہتے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ڈی ایم حکومت کے دوران بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دیا جائے، اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی تسلط کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی، غیر اخلاقی اور بلا جواز اقدامات کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کیا، حریت رہنمائوں پر ظلم و ستم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی بحالی سمیت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال ہونی چاہئے اور اقوام متحدہ کی منظور کردہ قراردادوں کے تحت نہتے مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی دہائیوں پر محیط قربانیوں کی داستان ہے جس میں جوانوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں نے قربانیاں دی ہیں، آج بھی وہ نعرہ لگاتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی بنیادی حق ہے، ہم اس حق کے ساتھ کھڑے ہیں اور بلا جواز بھارتی تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خود ارادیت ملنا چاہئے، اس کے لئے ہم ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر تیار کی گئی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button