ٹاپ نیوز

پاکستان ناقابل تنسیخ حق ِخودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔صدر مملکت آصف علی زرداری کا یوم ِاستحصال پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے اور سیاسی منظر نامے کو بدلنے کیلئے 5 اگست 2019 سے ایک مسلسل مہم کا آغاز کرچکا ہے، جموں و کشمیر میں باہر کے افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا اجراء، ووٹر لسٹوں میں عارضی رہائشیوں کا اندراج، اسمبلی حلقوں میں تبدیلیاں اور زمین اور جائیداد کی ملکیت کے قوانین میں ترامیم اس مہم کا اہم حصہ ہیں۔

یہ تمام اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار یوم ِاستحصال 5 اگست 2024 کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضہ مستحکم کرنے کی مہم کو پانچ سال ہورہے ہیں، غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کمزور کرنے کیلئے آج سے 5 سال قبل بھارت نے متعدد یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات اٹھائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں کی مسلسل موجودگی کے باعث مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ عسکریت زدہ علاقوں میں سے ایک ہے، جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی بڑے پیمانے پر دستاویز کاری اور عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے ساتھ ناروا سلوک اختلافی آوازوں کو خاموش کرانے کیلئے بھارت کے کسی بھی حد تک جانے کی آمادگی کو ظاہر کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت5 اگست 2019 سے لیکر اب تک کے اقدامات سے بین الاقوامی قانون، کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مکمل بے توقیری کرتا آ رہا ہے، بھارت کی داخلی قانون سازی اور عدالتی فیصلے کشمیر ی عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی جانب سے اپنے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں،بین الاقوامی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے اس اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حق ِخودارادیت کے حصول کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button