قومی

این بی پی بے روزگار نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ قرض کی فراہمی اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہا ہے، صدر نیشنل بینک

نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر رحمت علی حسنی نے بے روزگار نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ قرض کی فراہمی کے عزم کااظہار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این بی پی ہیڈآفس میں خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران کیا۔

ترجمان این بی پی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی کا ہیڈ آفس پہنچنے پر رحمت علی حسنی اور ایگزیکٹو وائس پریذڈنٹ ڈویژنل ہیڈ آف گورنمنٹ اور سپیشلائزڈ ایجنسیز فاروق حسن نے خیر مقدم کیا۔ملاقات کے دوران اقتصادی ترقی میں معاونت اور صارف کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کےلئے این بی پی کے کردار پر مفید اور تعمیری بات چیت کی گئی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے معاشی ترقی میں ایک اہم قومی ستون کی حیثیت سے این بی پی کے کردار کی تعریف کی اور ایسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا جس سے ابھرتے ہوئے انٹرپرینیئورز کو معاونت ملے اور کمزور طبقے کو بہتر خدمات حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان اہم قومی ادارہ ہے، بینک صارفین کو مزید بہترسہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ بینک کی مختلف برانچز میں آنے والے بزرگوں ، پنشنرز اور بیوائوں کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بینک بے روزگار نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لئے لون سکیمز کو زیادہ بہتر اور آسان بنائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سےمستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہاکہ دور درازعلاقوں میں نئی برانچز کھولی جائیں اور اے ٹی ایمز کی سہولت فراہم کی جائے۔اس موقع پر نیشنل بینک کے صدر نے بے روزگار نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ قرض کی فراہمی کے عزم کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ بینک صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button