قومی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی لندن میں برطا نوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا ہمیش فالکنر سے ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال کیا

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے لندن میں فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او) میں برطانیہ کے ممبر پارلیمنٹ و وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا ہمیش فالکنر سے ملاقات کی ،اس موقعے پر پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے ہمیش فالکنر کو بطور وزیر تقرری پر مبارکباد دی۔چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک مضبوط شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی تعلقات سٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل ہو جائیں گے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے برطانیہ کے ساتھ اقتصادی، دفاعی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعے کے حل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

– Advertisement –

چیئرمین سینیٹ نے غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور تنازعہ فلسطین کے حل پر زور دیا۔ برطانوی وزیر مملکت ہمیش فالکنر نے ایف سی ڈی او کے دورے پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور برطانیہ کی شراکت داری کوآگے بڑھانے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اپنی خواہش کا اعادہ کیا ، انہوں نے 2010 میں ملتان کے سیلاب کے موقعے پر اپنے قیام کو بھی یاد کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button